مصر: انٹیلیجنس کی ایک عمارت کے باہر دھماکہ

مصر میں حالیہ سیاسی کشیدگی میں فوج کا اہم کردار رہا ہے
،تصویر کا کیپشنمصر میں حالیہ سیاسی کشیدگی میں فوج کا اہم کردار رہا ہے

مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے شمال مشرق میں واقع شہر اسماعیلیہ میں فوجی انٹیلیجنس کی ایک عمارت کے باہر دھماکے میں چھ اہلکار زحمی ہوئے ہیں۔

مصری فوج کا کہنا ہے کہ دھماکے سے چھ فوجی زخمی ہوئے ہیں جبکہ عمارت کی دیواریں جزوی طور پر گر گئی ہیں اور متعدد گاڑیوں کو آگ لگ گئی۔

پولیس اور فوجی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ کار میں نصب ایک اور بم بھی علاقے سے ملا ہے تاہم اس ناکارہ بنا دیا گیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت فائرنگ کی آواز سنائی دی گئی۔

اسماعیلیہ اور اس کے قریبی علاقوں میں اسلامی شدت پسندوں کی جانب سے کئی بار پولیس اور فوجی تنصیبات پر حملے کیے جا چکے ہیں۔

مصری فوج جزیرہ نما سینا میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیاں کرتی رہی ہے۔