ولادی میر پیوتن دنیا کی سب سے بااثر شخصیت: فوربز

امریکی جریدے فوربز نے روسی صدر ولادی میر پیوتن کو دنیا کی سب سے بااثر شخصیت قرار دیا ہے۔
2013 کی بااثر ترین افراد کی فہرست میں روسی صدر نے اپنے امریکی ہم منصب براک اوباما کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اوباما کو اس فہرست میں دوسرا مقام حاصل ہوا ہے جبکہ چین کے صدر شی جن پنگ تیسرے نمبر پر رہے۔
پوپ فرانسس کو اس فہرست میں چوتھا درجہ ملا ہے اور وہ ابتدائی پانچ نمبروں پر موجود شخصیات میں سے واحد ایسی شخصیت ہیں جن کا سیاست سے تعلق نہیں۔
اس فہرست میں پانچویں نمبر پر جرمنی کی چانسلر انگیلا مرکل ہیں جب کہ امریکی کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل بل گیٹس اس فہرست میں چھٹے نمبر پر ہیں۔
بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ فوربز کی اس فہرست میں گذشتہ برس کے مقابلے میں نو درجے تنزلی کے بعد 28 ویں نمبر پر رہے۔
فوربز میگزین کے مطابق پیوتن کو براک اوباما پر فوقیت دینے کی وجہ یہ رہی کہ امریکی صدر کی ملکی سیاست پر گرفت نسبتاً کمزور ہوئی جبکہ روسی سیاست میں پوٹن کا دبدبہ برقرار رہا۔
یہ گذشتہ تین برسوں میں پہلا موقع ہے کہ اوباما فوربز کی اس فہرست میں پہلے درجے سے نیچے آئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فوربز کا کہنا ہے کہ ولادی میر پیوتن بارہ برس سے روسی سیاست میں کلیدی حیثیت کے حامل رہے ہیں۔ انہیں مارچ 2012 میں دوبارہ روس کا صدر منتخب کیا گیا تھا۔
جریدے کے مطابق اس کے برعکس امریکہ میں ’شٹ ڈاؤن‘ اور قرض کی حد کے بحران کی وجہ سے صدر اوباما کی گرفت متاثر ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ چند ماہ میں منحرف امریکی اہلکار ایڈورڈ سنوڈن کو روس کی جانب سے پناہ دیے جانے اور پھر شام کے معاملے پر روس اور امریکہ کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی تھی۔







