بیوی کے ڈر سے تمباکو نوشی ترک کی: اوباما

امریکی صدر براک اوباما نے اقوام متحدہ کے ایک اہلکار کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے بیوی کے ڈر سے تمباکو نوشی کی لت سے چھٹکارا پایا۔
یہ بات امریکی صدر نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی ایک اہلکار سے ازراہِ مذاق کی لیکن ان کو یہ نہیں معلوم تھا کہ اس وقت کیمرے آن ہو چکے تھے۔
صدر اوباما اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مینا کیائی سے بات کر رہے تھے۔
امریکی صدر نے کہا کہ انھوں نے تقریباً چھ سال سے تمباکو نوشی نہیں کی ہے اور اس کی ’اصل وجہ یہ ہے کہ میں اپنی بیوی مشیل سے ڈرتا ہوں۔‘
صدر اوباما اور مینا کی اس گفتگو کو امریکی ٹی وی چینل سی این این نے براڈکاسٹ کیا۔
صدر اوباما نے مینا سے کہا ’مجھے امید ہے کہ آپ نے سگریٹ پینے چھوڑ دیے ہوں گے۔‘
مینا نے جواب میں کہا ’کبھی کبھار پیتا ہوں۔‘
واضح رہے کہ صدر اوباما اور مینا دونوں ہارورڈ یونیورسٹی لا سکول کے پڑھے ہوئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ صدر اوباما ماضی میں تمباکو نوشی ترک کرنے کی کوشش کرنے کا ذکر کر چکے ہیں۔ سنہ 2011 میں ان کی اہلیہ مشیل اوباما نے کہا تھا کہ ان کے شوہر نے تمباکو نوشی چھوڑ دی ہے۔







