اندھے کنویں میں پندرہ دن

چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے صوبہ ہنان میں ایک خاتون ایک ویران کنویں میں گرنے کے پندرہ دن بعد زندہ نکلی ہے۔
چین کے سرکاری خبر رساں ادارے شن ہوا کے مطابق صوبہ ہنان کے ژونگ فنگ گاؤں میں 38 سالہ سوچشیو یکم ستمبر کو ایک اندھے کنویں میں گر گئی تھیں۔
شن ہوا کے مطابق خاتون نے کنویں میں 15 دن تک مکئی اور بارش کے پانی سے گزارا کیا۔
اطلاعات کے مطابق یہ کنواں مکئی کے کھیتوں کے درمیان واقع ہے اور دور سے نظر نہیں آتا، جب کہ کنویں کی اندر کی دیورایں اتنی ہموار ہیں کہ ان پر چڑھا نہیں جا سکتا۔
سوچشیو کو ان کے رشتہ داروں نے بہت ڈھونڈا لیکن وہ انھیں نہیں مل سکیں۔
اطلاعات کے مطابق انھیں پیر کو امدادی کارکنوں نے بچا لیا تھا۔
ہنان کے مقامی اخبار روزنامہ داہے کے مطابق یہ خاتون کھیت میں جڑی بوٹیاں ڈھونڈ رہی تھیں کہ اس دوران کنویں میں گر گئیں۔ اخبار کے مطابق جب وہ گر رہی تھی تو انھوں نے گرنے سے بچنے کے لیے مکئی کے پودوں کا سہارا لینے کی کوشش کی لیکن یہ پودے ان کے ساتھ کنویں میں گر گئے۔
سو نے اخبار کو بتایا کہ ’کنویں میں کچھ بھی نہیں تھا اس لیے میں کچی مکئی کھاتی تھی اور روزانہ مدد کے لیے پکارا کرتی تھی۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ ’میں ہر روز اس امید پر گزارتی کہ مجھے قریب سے گزارنے والا کوئی شخص بچانے کے لیےآ جائے گا۔ میں روزانہ مدد کے لیے پکارتی تھی، اور کسی کا جواب نہیں آتا تھا، لیکن میں پھر بھی ناامید نہیں ہوئی اور کوشش کرتی رہی۔‘
روزنامہ داہے کے مطابق جب 16 جولائی کو ایک کسان نے جو کھیت میں مکئی کاٹ رہا تھا، سو کو مدد کے لیے پکارتے سنا تو فائربریگیڈ کو بلا لایا۔
خاتون کے شوہر نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی اہلیہ کا وزن کافی کم ہوگیا ہے۔
شن ہوا کے مطابق خاتون کو بظاہر بڑی چوٹیں نہیں آئیں لیکن ان کے جسم کے اندرونی اعضا ابھی تک مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہوئے اور اب ان کی حالت مستحکم ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے شمال مغربی علاقے میں بھی جولائی میں پانچ افراد کنویں میں گر کر ہلاک ہو گئے تھے۔







