امریکی سیاح نے مجسمے کی انگلی توڑ دی

ایک امریکی سیاح نے اٹلی کے شہر فلورنس میں نمائش کے لیے رکھے ایک مشہور مجسمے کی انگلی توڑ دی۔
یہ خیال کیا جاتا ہے کہ مجسمہ چودہویں صدی کے مجسمہ ساز جووانی ڈی امبرویو کا بنایا ہوا ہے۔
اس مجسمے کی نمائش فلورنس کے موسے ڈیل اوپیر ڈیل ڈومو میں کی گئی ہے جہاں یہ واقعہ پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق ایک سکیورٹی گارڈ نے ایک شخص کو اس مجسمے کو ہاتھ لگاتے ہوئے دیکھا اور اسے روکنے کی کوشش کی مگر تب تک کافی دیر ہو چکی تھی اور مجسمے کی انگلی سیاح کے ہاتھ میں آ چکی تھی۔
اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ اس انگلی کو دوبارہ لگانے پر کتنا خرچ آئے گا جو کہ مجسمے کی اصل انگلی نہیں تھی اور اسے بعد میں مجسمے پر لگایا تھا۔
اس امریکی سیاح نے معذرت تو کی ہے مگر میوزیم کے ڈائریکٹر نے سر عام ان کی اصلاح کی۔
موسیو ٹموتھی وردون نے اس سیاح کو یاد دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ’کسی چیز کو ہاتھ نہ لگائیں، یہ میوزیم میں جانے کا وہ بنیادی اصول ہے جسے بھلا دیا گیا ہے‘۔



