فرانس: چار کروڑ یورو کے ہیرے چوری

فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے ساحلی تفریحی مقام کانز میں ایک مسلح شخص نے تقریباً چار کروڑ یورو مالیت کے ہیرے چوری کر لیے ہیں۔
حکام نے بتایا ہے کہ یہ چوری اتوار کے روز کارلٹن ہوٹل میں ہیروں کی ایک نمائش میں ہوئی۔
یہ ہوٹل کانز کے معروف ترین علاقے کروئسٹ پروماند میں واقع ہے۔
کانز پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’اس چور کو پکڑنے کے لیے ایک مکمل اور ایک ہنگامی آپریشن کیا جا رہا ہے۔ چوروں نے کانز کو امراء سے بھرا ایک آسان نشانہ سمجھ رکھا ہے۔‘
اپنے سالانہ فلمی میلے کے لیے مشہور شہر کانز میں یہ واقعہ چوری کی بڑی وارداتوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ چور ہیروں کے ایک بریف کیس کو لے کر بھاگ گیا۔ ابھی تک واضح نہیں کہ ان ہیروں کا مالک کون ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کانز فلمی میلے میں دنیا بھر کی فلمی شخصیات شرکت کرتی ہیں تاہم مئی میں اس سال ہوئے اس میلے میں ہیروں کی چوری کی دو وارداتیں ہوئیں۔
سوئس جوہری گریسوگونو کا ایک ہار جس کی مالیت تقریباً دو کروڑ یورو تھی ایک فائیو سٹار ہوٹل میں ایک تقریب کے دوران چوری ہوگیا۔
اس سے ایک ہفتہ قبل سات لاکھ ستتر ہزار یورو مالیت کے ہیرے سوئس جوہری شوپارڈ کے ہوٹل کے کمرے سے چوری کیے گئے تھے۔







