کانز فلمی میلہ:بیس لاکھ یورو کا ہار چوری

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنجس وقت ہار چوری ہوا سکیورٹی کی ایک بڑی تعداد موجود تھی

فرانس کے شہر کانز میں جاری فلمی میلے کے دوران دوسری بار زیورات کی چوری ہوئی ہے۔

گزشتہ جمعہ کو انتہائی قیمتی دس لاکھ امریکی ڈالر مالیت کے جواہرات چوری ہو گئے تھے اور اب جمعرات کو بیس لاکھ یورو مالیت کا ہار چوری ہو گیا ہے۔

جمعرات کو کانز میں ایک فیشن شو کے دوران اس ہار کو چوری کیا گیا۔ اس فیشن شو میں اداکارہ شیرون سٹون سمیت فلمی دنیا کے کئی ستارے شریک تھے۔

جیولری کمپنی ڈی گروسونا کے سربراہ فاوز گرویسی کے مطابق فیشن شو میں پیش کی جانے والی کئی مصنوعات میں جیولری بھی شامل تھی۔

انہوں نے بتایا کہ’ ہم نے اپنے تمام بہترین گاہکوں اور دوستوں کی دعوت کا اہتمام کیا تھا اور فیشن شو اس کا حصہ تھا، بیس ماڈلز نے ہماری تیار کردہ جیولری کے ڈیزائن کی ریمپ پر نمائش کی، فیشن شو جب ختم ہوا تو تمام ماڈلز ایک کمرے میں چلی گئیں اور ٹیبل پر تمام جیولری رکھ دی۔‘

فاوز گرویسی کے مطابق اس وقت ہمارے 80 نجی سکیورٹی گارڈز، پولیس اور ہوٹل کی الگ سے اپنی سکیورٹی، اس کے علاوہ ہمارا اپنا عملہ موجود تھا۔جب تقریب ختم ہوئی تو ہم نے معمول کے مطابق جانچ پڑتال کی کہ کوئی چیز کم تو نہیں ہے، تو معلوم ہوا ہے بیس لاکھ یورو مالیت کا ہیرے کا ہار موجود نہیں ہے۔

’پولیس اس معاملے کو دیکھ رہی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ جو کچھ بھی ہوا اس کے بارے میں معلوم ہو جائے گا‘۔

اس سے پہلے گزشتہ جمعہ کو فرانسیسی پولیس کے مطابق دس لاکھ امریکی ڈالر مالیت زیورات ہوٹل نووٹیل میں سوئس زیورات بنانے والی کمپنی شوپارڈ کے ایک اہلکار کے کمرے سے چوری ہوئے۔

اس کمپنی کے زیورات پہننے والے مشہور اداکاروں میں اداکارہ جولیان مور، سنڈی کرافورڈ اور لانا ڈیل رے شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق زیورات نووٹیل ہوٹل میں اس مشہور سوئس جواہرات کمپنی شوپارڈ کے ملازم کے کمرے کی دیورا توڑ کر تجوری میں سے چرائے گئے۔

شوپارڈ کمپنی کان فلمی میلے کی تقریب کے سرکاری سپانسرز میں سے ایک ہے اور اس میلے کا سب سے بڑا ایوارڈ بھی شوپارڈ کی جانب سے سپانسر شدہ ہے۔

یہ چوری اسی دن ہوئی جس دن تقریب میں ’بلنگ رنگ‘ نام کی فلم کی نمائش کی گئی۔

سوفيا كوپولو اس فلم کی ہدایتکار ہیں جس میں ایک کم عمر نوجوان امیر اور اہم لوگوں کے گھروں میں کپڑے، جوتے اور تھیلے چوری کرتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ چور اس فلم کی نمائش والے دن کو ہی چوری کے لیے منتخب کرتے ہیں۔