کانز: دس لاکھ ڈالر مالیت کے زیورات چوری

یہ چوری اسی دن ہوئی جس دن تقریب میں ’بلنگ رنگ‘ نام کی فلم کی نمائش کی گئی
،تصویر کا کیپشنیہ چوری اسی دن ہوئی جس دن تقریب میں ’بلنگ رنگ‘ نام کی فلم کی نمائش کی گئی

فرانس کے شہر کان میں منعقد ہونے والے مشہور زمانہ کان فلمی میلے میں انتہائی قیمتی دس لاکھ امریکی ڈالر مالیت کے جواہرات چرا لیے گئے ہیں۔

فرانسیسی پولیس کے مطابق یہ زیورات کان قصبے میں واقع ایک ہوٹل نووٹیل میں سوئس زیورات بنانے والی کمپنی شوپارڈ کے ایک اہلکار کے کمرے سے چوری ہوئے ہیں۔

یہ زیورات کان فلم تقریب میں شامل ہونے والی مشہور اداکاراؤں کو مستعار دیے جانے تھے۔

اس زیورات بنانے والی کمپنی کے زیوراتپہننے والے مشہور اداکاروں میں اداکارہ جولیان مور، سنڈی کرافورڈ اور لانا ڈیل رے شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق چوروں نے یہ زیورات نووٹیل ہوٹل میں اس مشہور سوئس جواہرات کمپنی شوپارڈ کے ملازم کے کمرے کی دیورا توڑ کر تجوری میں سے چرائے گئے۔

شوپارڈ کمپنی کان فلمی میلے کی تقریب کے سرکاری سپانسرز میں سے ایک ہے اور اس میلے کا سب سے بڑا ایوارڈ بھی شوپارڈ کی جانب سے سپانسر شدہ ہے۔

یہ چوری اسی دن ہوئی جس دن تقریب میں ’بلنگ رنگ‘ نام کی فلم کی نمائش کی گئی۔

سوفيا كوپولو اس فلم کی ہدایتکار ہیں جس میں ایک کم عمر نوجوان امیر اور اہم لوگوں کے گھروں میں کپڑے، جوتے اور تھیلے چوری کرتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ چور اس فلم کی نمائش والے دن کو ہی چوری کے لیے منتخب کرتے ہیں۔

یہ چوری جمعے کے روز علی الصبح ہوئی۔