کابل: نیٹو کے اڈے پر حملہ، چھ ہلاک

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 8 ستمبر 2012 ,‭ 09:42 GMT 14:42 PST
افغانستان میں حملے کی ایک فائل فوٹو

ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں

افغانستان کے دارلحکومت کابل میں پولیس کا کہنا ہے کہ نیٹو افواج کے ایک اڈے کے قریب ایک خودکش حملے میں چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

بین الاقومی فوج کے ترجمان نے خبر رساں ایجنسی رائیٹرز کو بتایا کہ خود کش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا اور اس نے فوجی اڈے کے داخلی دروازے پر خود کو اڑا دیا۔

واضح رہے کہ اب سے گیارہ برس قبل طالبان مخالف لیڈر احمد شاہ مسعود کو القاعدہ کے ایک بمبار نے ایک خودکش حملے میں ہلاک کردیا تھا۔

احمد شاہ مسعود کی گیارویں برسی کے موقع پر کابل میں سیکورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔

بین الاقوامی فوج کے ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ حملے کے بعد فوجی اڈے کے اطراف میں سخت سیکورٹی ہے۔

افغان پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ حملہ ایک خودکش حملہ آور نے کیا ہے۔

خبررساں ادارے رائیٹرز کے مطابق حملے میں سڑک کنارے سامان فروخت کرنے والے افراد متاثر ہوئے ہیں اور ایمبولینس میں چھوٹے بچوں کی لاشوں کو لے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو ایک پولیس اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنےکی شرط پر بتایا کہ حملے میں وہ بچے ہلاک ہوئے ہیں جو فوجی اڈے کے باہر فوجیوں کو چھوٹا موٹا سامان فروخت کرتے تھے۔

جس فوجی اڈے پر حملہ ہوا ہے اس کے قریب ہی امریکی اور برطانوی سفارتخانے واقع ہیں اور وہیں افغانستان کے صدر کا محل بھی واقع ہے۔

طالبان کے ایک ترجمان کا کہنا ہے امریکہ خفیہ ایجنسی کو نشانہ بناتے ہوئے کسی شدت پسند گروپ نے یہ حملہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ احمد شاہ مسعود کے اعزاز میں آج کابل میں سرکاری چھٹی ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>