کنٹر: حملے میں تین نیٹو کے تین فوجی ہلاک

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
افغانستان میں تعینات نیٹو حکام کے مطابق ملک کے مشرقی صوبے کنڑ میں ہونے والے ایک حملے میں اس کے تین فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
صوبائی دارالحکومت اسد آباد میں مقامی حکام نے بی بی سی کو بتایا دو خود کش بمباروں نے گورنر کے کمپاؤنڈ کے قریب امریکی افواج کو نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ یہ حملہ اس وقت ہوا جب اقوام متحدہ کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ پانچ برس میں پہلی بار افغانستان میں عام شہریوں کی ہلاکت میں کمی آئی ہے۔
اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق رواں برس کے پہلے چھ ماہ کے دوران مرنے اور زخمی ہونے والے افراد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں پندرہ فیصد کمی آئی ہے۔
پولیس نے خبررساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ حملے کے وقت افغانستان کے صوبے کنٹر میں واقع ایک فوجی اڈے میں نیٹو سپاہی اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے۔
ہسپتال حکام کے مطابق حملے میں ایک عام شہری بھی ہلاک ہوا۔
دریں اثناء افغانستان میں موجود طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔



