
رواں سال اس طرح کے تیس واقعات میں اتحادی افواج کے پینتالیس فوجی ہلاک ہو چکے ہیں
افغانستان میں نیٹو حکام کے مطابق افغان فوج کی وردی میں ملبوس ایک شخص کی فائرنگ سے نیٹو کے تین فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
نیٹو ذرائع کے مطابق یہ واقعہ صوبہ ارزگان میں پیش آیا۔
آسٹریلیا کی ڈیفنس فورس یا اے ڈی ایف کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ افغانستان میں اس کے فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ لیکن اس نے ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتائی ہے۔
صوبہ ارزگان میں اس وقت آسٹریلیا کے پندرہ سو فوجی تعینات ہیں۔
افغان سکیورٹی فورسز کی وردی میں ملبوس مسلح افراد کے حملے’ گرین آن بلیو‘ کے واقعات میں رواں سال اضافہ ہوا ہے۔
رواں سال اس طرح کے تیس واقعات میں اتحادی افواج کے پینتالیس فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
افغان طالبان باقاعدگی سے افغان سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو بھرتی کر رہے ہیں۔ طالبان نے کھلے عام اعلان کر رکھا ہے کہ نیٹو کے خلاف حکمت عملی میں
اندرونی حملوں کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔
نیٹو افواج نے سال دو ہزار تیرہ کے آخر تک افغانستان سے انخلاء کا اعلان کر رکھا ہے اور اس وقت وہ افغان سکیورٹی اہلکاروں کی تربیت کر رہی ہے تاکہ وہ ملک کی سکیورٹی ذمہ داری سنبھال سکیں۔






























