
’میرے ذہن میں کوئی شک نہیں رہ گیا کہ شام خانہ جنگی میں مبتلا ہے‘۔ پیٹر موئرر
شام کے سرکاری ٹی وی کے مطابق جمعہ کو دارالحکومت دمشق کے شمال میں واقع ایک مسجد کے باہر ایک بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم پانچ سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہ واقعہ رکن دین کے ضلع میں پیش آیا ہے۔
شام میں حکام کے مطابق ایک موٹر سائیکل سوار حملہ آور نے اُس وقت نمازیوں کو نشانہ بنایا جب وہ جمعہ کی نماز ادا کرنے کے بعد مسجد سے باہر آ رہے تھے۔
دوسری جانب حزبِ مخالف کارکنوں کا دعویٰ ہے کہ جمعہ کو ملک میں جاری لڑائی میں کم سے کم پچپن افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
دریں اثناء بین الاقوامی تنظیم ریڈ کراس کے سربراہ پیٹر موئرر کا کہنا ہے کہ ان کی صدر بشار الاسد کے ساتھ بات چیت مثبت رہی ہے۔
پیٹر موئرر نے بتایا کہ انہوں نے صدر کے ساتھ ملاقات میں امدادی کارروائیوں کو در پیش مسائل کے بارے میں بات چیت کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صدر نے اس معاملے پر غور کرنے کے لیے رضامندی ظاہر کی۔
پیٹر موئرر نے کہا کہ انہوں نے دمشق کے قریب دیہی علاقوں کا بھی دورہ کیا اور مسلح حملوں کی کہانیوں سے وہ دنگ رہ گئے اور اس کے بعد ان کے ذہن میں کوئی شک نہیں رہ گیا کہ شام خانہ جنگی میں مبتلا ہے۔






























