افغانستان: بم دھماکے میں خاتون ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP

افغانستان میں حکام کے مطابق ملک کے مشرقی حصے میں ایک بم دھماکے کے نتیجے میں خاتون سیاست دان ہلاک ہو گئی ہیں۔

حکام کے مطابق حنیفہ صافی افغانسان کے صوبے لگمان میں اس وقت ہلاک ہوئیں جب ان کی گاڑی میں رکھا گیا بم پھٹ گیا۔

اس واقعہ میں ان کے شوہر اور بیٹی بھی زخمی ہو گئے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں خواتین کے حقوق سے متعلق وزارت کی صوبائی سربراہ کئی سالوں سے خواتین کے منصفانہ علاج کی پیروی کرتی رہی ہیں۔

حنیفہ صافی کے بارے میں مشہور تھا کہ وہ باہر جاتے وقت سر ڈھانپ کر نہیں جاتی تھیں۔

کابل میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار ڈیوڈ لائن کا کہنا ہے کہ حنیفہ صافی کا یہ طرز عمل اسلام کی بنیاد پرست تشریح کے خلاف تھا جس کی پیروی متعدد افغانی کرتے ہیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ وہ طالبان کی نظروں میں آ گئی تھیں۔

کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

افغانستان میں شدت پسند حکومتی اہلکاروں پر ایسے حملے کرتے رہتے ہیں تاہم خواتین پر حملے کے واقعات غیر معمولی ہیں۔