یمن میں پولیس اکیڈمی پر حملہ، بیس ہلاک

صنعاء

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنصنعاء میں گزشتہ مئی میں بھی فوجی پریڈ کی ریہرسل کے دوران کے خودکش حملے میں نوے افراد ہلاک ہو گئے تھے

یمن کے دارالحکومت صنعاء میں پولیس کی ایک اکیڈمی پر ہونے والے خود کش حملے میں کم از کم بیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

پولیس کے ذرائع کے مطابق خودکش بمبار نے کیڈٹس کے درمیان خود کو اس وقت اڑا دیا جب دن کے اختتام پر کیڈٹس کلاسیں ختم کر کے باہر آ رہے تھے۔

کئی درجن افراد زخمی بھی ہوئے ہیں اور جائے وقوع پر ایمولنسز پہنچ گئی ہیں۔

القاعدہ سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں نے دھمکی دی تھی کہ وہ ان کے ٹھکانوں پر فوجی حملوں کے جواب میں حملے کریں گے۔

گزشتہ مئی میں فوجی وردی میں ملبوس ایک خودکش بمبار نے صنعاء میں فوجی پریڈ کی ریہرسل کے دوران خود کو بم سے اڑا کر نوے فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کی ایک شاخ انصار الشریعہ نے حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔