برطانوی فوج میں کمی کا اعلان

،تصویر کا ذریعہAFP
برطانوی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ سنہ دو ہزار بیس تک فوج کے سترہ بڑے یونٹس کو ختم کر دیا جائے گا جس کی وجہ سے بیس ہزار فوجیوں کی نوکری ختم ہو جائےگی۔
فلپ ہیمنڈ نے پارلیمان کو بتایا کہ ختم ہونے والے فوجی یونٹس میں چار انفینٹری بٹالین اور توپ خانے کے دو حصے شامل ہیں۔
وزیر دفاع کے مطابق باقاعدہ سپاہیوں کی تعداد ایک لاکھ، دو ہزار سے کم ہو کر بیاسی ہزار تک رہ جائے گی تاہم ریزو فوجیوں کی تعداد دگنی ہو کر تیس ہزار تک پہنچ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی فوج کی تعداد سرد جنگ کے دور سے آدھی رہ جائے گی۔
واضح رہے کہ سنہ انیس سو اٹھہتر میں برطانوی فوج کی تعد ایک لاکھ تریسٹھ ہزار سے زیادہ تھی۔
فلپ ہیمنڈ نے کہا انفینٹری میں موجودہ رجمنٹ یا کیپ بیجز کے فوجیوں کی نوکری ختم نہیں ہو گی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے جو خرچے کیے وہ موجودہ حکومت کو وراثت میں ملے جس کی وجہ سے ہمیں اپنے ویژن پر عملدرآمد کروانے کے لیے سخت فیصلے کرنے پڑے۔
انہوں نے کہا کہ دس سال کے سخت آپریشنز کے بعد ہمیں فوج کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے جس میں سے ہم ایک متوازن، قابل اور مستقبل میں خود کو نئے حالات کے مطابق ڈھال لینے والی فوج بنا سکیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فلپ ہیمنڈ نے کہا کہ سنہ دو ہزار بیس کی فوج ایک لچکدار اور پھرتیلی فوج ہو گی۔







