شام کا منحرف پائلٹ اردن پہنچ گیا

جمعرات کی صبح گولہ باری شدید تھی لیکن بعدازاں اس میں کمی آتی گئی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنجمعرات کی صبح گولہ باری شدید تھی لیکن بعدازاں اس میں کمی آتی گئی

اردن کے حکام کا کہنا ہے کہ شام کے ایک جنگی طیارے کے پائلٹ نے اپنا طیارہ ملک کے شمالی علاقے میں واقع فضائی اڈے پر اتارنے کے بعد سیاسی پناہ طلب کی ہے۔

اردن کے وزیرِ اطلاعات سمیع المیتاہ کا کہنا ہے کہ مِگ اکیس جیٹ طیارے کے پائلٹ سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

شام کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ایک جنگی جہاز جسے فضائیہ کے ایک کرنل اڑا رہے تھے، تربیتی مشن کے دوران لاپتہ ہوگیا ہے۔

اردن کے سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ طیارہ دمشق کے شمال مشرق میں الدمیر کے فوجی اڈے سے اڑا تھا اور شامی سرحد کے قریب مفراق کے شاہ حسین فضائی اڈے پر اترا۔

خیال کیا جاتا ہے کہ یہ کسی شامی طیارے کے پائلٹ کے منحرف ہونے کا پہلا واقعہ ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق شام کی حکومت مخالف فری سیریئن آرمی کے ترجمان احمد قسام کا کہنا ہے کہ ان کے گروپ کی کوششوں سے ہی پائلٹ منحرف ہونے پر تیار ہوا

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ثناء کا کہنا ہے کہ منحرف ہونے والے پائلٹ کا نام کرنل حسن الحمادی ہے اور جب ان کا طیارہ ملک کی جنوبی سرحد کے قریب تھا تو اس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

ادھر شام میں حکومت مخالف کارکنوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انخل نامی قصبے میں گولہ باری اور حکومتی فوج کے حملے میں اٹھارہ افراد مارے گئے ہیں۔

شام میں جھڑپوں سے متاثرہ علاقوں سے شہریوں کے انخلاء کے لیے عالمی ریڈ کراس اور شامی ہلالِ احمر کی ٹیمیں تیار ہیں لیکن متاثرہ علاقوں میں مسلسل گولہ باری کی وجہ سے وہ اس عمل میں ناکام ہیں۔

متاثرہ علاقے کے رہائشی ولید فارس کا کہنا ہے کہ جمعرات کی صبح گولہ باری شدید تھی لیکن بعدازاں اس میں کمی آتی گئی۔

آئی سی آر سی کی سرگرمیوں کی علاقائی سربراہ بیاترس روگو کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں دس دن سے جھڑپیں جاری ہیں اور سینکڑوں افراد پھنسے ہوئے ہیں۔