حسنی مبارک کی حالت انتہائی ’نازک‘

حسنی مبارک

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنحسنی مبارک قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں

قاہرہ سے آنے والی اطلاعات کے مطابق سابق مصری صدر حسنی مبارک کی حالت اس وقت انتہائی نازک ہے اور وہ بسترِ مرگ پر ہیں۔

میڈیا میں آنے والی کئی رپورٹوں کے مطابق سابق صدر جسمانی طور پر مر چکے ہیں جبکہ ایک ٹی وی چینل کے مطابق انہیں ’ریوائیو‘ یا زندہ رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق چوراسی سالہ سابق صدر کو فالج ہوا جس کے بعد انہیں جیل سے آرمی ہسپتال میں لائف سپورٹ سسٹم پر ڈال دیا گیا۔

گزشتہ سال کے عوامی انقلاب میں حسنی مبارک کو اقتدار سے ہٹا دیا گیا تھا۔ اس ماہ کے آغاز میں انہیں گزشتہ سال کے احتجاج کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

یہ خبر اس وقت آئی ہے جب دسیوں ہزار لوگ قاہرہ کے تحریر سکوائر میں برسرِ اقتدار فوجی کونسل کے نئے اختیارات حاصل کرنے کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں۔

کونسل نے ملک میں قانون سازی اور بجٹ کے حوالے سے تمام اختیارات حاصل کر لیے ہیں۔

فوجی کونسل کی جانب سے یہ فیصلہ ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب عوام صدارتی انتخاب کے نتائج کی منتظر ہے جبکہ مصر میں اپوزیشن گروپوں نے اس اعلامیے کو فوجی بغاوت قرار دیا ہے۔

کونسل کے اس فیصلے سے ان خدشات کو بھی ہوا ملی ہے کہ کونسل طاقت کا مرکز بننا چاہتی ہے اور ان جمہوری تبدیلیوں کے خلاف ہے جن کا مطالبہ گزشتہ برس عوامی مظاہروں کے دوران کیا گیا تھا۔