صلاح الدین ربانی امن کونسل کے نئے سربراہ

صلاح الدین ربانی ترکی کے وزیراعظم طیب اردگان سے ملاقات کر رہے ہیں
،تصویر کا کیپشنصلاح الدین ربانی ترکی کے وزیراعظم طیب اردگان سے ملاقات کر رہے ہیں

افغانستان کی حکومت نے سابق افغان صدر برہان الدین ربانی کے بیٹے کو افغان امن کونسل کا نیا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔

صلاح الدین ربانی فی الوقت ترکی میں افغانستان کے سفیر تعینات ہیں۔ وہ امریکہ سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد امریکی شہر نیو یارک میں اقوامِ متحدہ کے ساتھ افغانستان میں قیامِ امن کے لیے بھی کام کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق صدر اور افغان امن کونسل کے سربراہ برہان الدین ربانی گزشتہ سال ستمبر میں ایک خودکش حملے میں اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب وہ طالبان رہنماؤں سے اپنی رہائش گاہ پر مذاکرات کر رہے تھے۔

حکام کے مطابق حملہ آور بھی انہی طالبان رہنماؤں میں سے ایک تھا اور اس نے دھماکہ خیز مواد اپنی پگڑی میں چھپا رکھا تھا۔

خیال رہے کہ افغانستان کی امن کونسل طالبان کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے اور تاجک نسل سے تعلق رکھنے والے برہان الدین ربانی اس مذاکراتی عمل کی سربراہی کر رہے تھے۔

برہان الدین ربانی کی ہلاکت سے ملک میں مصحالتی عمل کو شدید دھچکا لگا تھا جبکہ طالبان نے برہان الدین کو ہلاک کرنے کی تردید کی تھی۔

ستر ارکان پر مشتمل افغان امن کونسل گزشتہ سات ماہ سے بغیر کسی سربراہ کے تھی۔ اس کونسل کے تحت افغانستان میں قیامِ امن کے لیے طالبان کے ساتھ مذاکرات کیے جاتے ہیں۔