سٹیو جابز کی ایمانداری،اخلاقیات پر سوال

،تصویر کا ذریعہAP
ایپل کمپنی کے بانی سٹیو جابز کے بارے میں ایف بی آئی کی جانب سے تیار کی گئی فائل عام کر دی گئی ہیں اور ان میں جابز کی ایمانداری اور اخلاقیات پر سوال اٹھائے گئے ہیں۔
سٹیو جابز کی یہ فائل اس وقت تیار کی گئی تھی جب سنہ انیس سو اکیانوے میں جارج بش کے دورِ صدارت میں انہیں صدر کی جانب سے عہدہ دیے جانے پر غور کیا جا رہا تھا۔
ان دستاویزات سے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ سنہ انیس سو پچاسی میں انہیں بھتہ نہ دینے کی وجہ سے بم حملے کی دھمکی بھی دی گئی تھی۔
دستاویزات سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ سٹیو جابز نے بدھ مذہب قبول کرنے اور منشیات استعمال کرنے کی بات قبول کی تھی۔
ایف بی آئی کے مطابق یہ انکشاف ہوا ہے کہ جابز نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ انیس سو ستر میں انہوں نے ایل ایس ڈی جیسی ادویات لی تھیں۔
یہ دستاویزات معلومات تک رسائی کی آزادی کے قانون کے تحت جمعرات کو ایف آئی کی ویب سائٹ پر عام کی گئی ہیں۔
ایف بی آئی نے سٹیو جابز کی زندگی کے بارے میں جمع کی گئی معلومات کے بارے میں لکھا ہے ’سٹیو جابز کی ایمانداری پر بہت سے لوگوں نے یہ کہتے ہوئے سوال اٹھائے تھے کہ وہ اپنا ہدف حاصل کرنے کے لیے سچ کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے تھے‘۔
سٹیو جابز کے ایک ساتھی کا جنہوں نے جابز پر یہ الزام عائد کیا تھا کہ انہیں ان کے حق کے مطابق فائدہ نہيں دیا گیا ہے، کہنا تھا کہ ’سٹیو جابز ایک ایماندار اور قابل اعتبار شخص تھے لیکن ان کا اخلاقی کردار مشکوک ہے‘۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وہیں بعض لوگوں کا کہنا تھا کہ جابز ایک ایسے شخص تھے جن کے ساتھ کام کرنا مشکل تھا۔
ایف بی آئی کو جابز کو ایک ساتھی نے بتایا کہ’جابز صحیح معنی میں ایک انجینئر نہیں تھے لیکن ان میں تجربے کرنے اور نئی دریافت کرنے کی صلاحیت تھی‘۔
واضح رہے کہ سٹیو جابز سرطان کی بیماری کے سبب اکتوبر دو ہزار گیارہ میں انتقال کرگئے تھے۔







