ایران کے بارے میں امریکہ اسرائیل مذاکرات

جنرل ڈیمپسی

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنامریکہ ایران کا جوہری پروگرام روکنے کی کوشش کرے گا: ڈیمپسی کا ممکنہ پیغام

امریکی فوج کے سربراہ جنرل مارٹن ڈیمپسی اسرائیل میں مذاکرات کر رہے ہیں جن میں توقع ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں ممکنہ اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

امریکی فوج میں جوائنٹ چیف آف سٹاف کے سربراہ جنرل ڈیمپسی اسرائیل میں وہاں کےوزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور وزیر دفاع ایہود براک سے ملاقات کریں گے۔

مبصرین کا خیال ہے کہ ایران کے بارے میں حکمت عملی کے مسئلے پر ایران اور امریکہ کے درمیان شاید اختلافات پیدا ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ امریکہ نہیں چاہتا کہ اسرائیل ایران پر پیشگی حملہ کرے اور وہ اسے ایسے کسی اقدام سے باز رکھنا چاہتا ہے۔

اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کے مطابق جنرل ڈیمپسی نے اسرائیلی حکام پر واضح کیا ہے کہ اسرائیل کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مذاکرات اور رابطہ اور ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دونوں کے خطے میں بہت سے مشترکہ مفادات ہیں اور جتنا ہم رابطے میں رہیں گے اتنا بہتر ہوگا۔

مبصرین کا کہنا اسرائیل چاہتا ہے کہ یورپ اور امریکہ ایران کے خلاف سخت اقدامات اٹھائیں جبکہ جنرل ڈیمپسی اسرائیل پر یہ واضح کریں گے امریکہ ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے میں سنجیدہ ہے جس کے لیے چاہے اسے بالآخر فوجی طاقت ہی کیوں نہ استعمال کرنی پڑے۔