’امریکی جاسوس طیارہ واپس کرنے سے انکار‘

ایرانی حکام نے گزشتہ ہفتے امریکی جاسوس طیارے آر کیو 170 کی تصاویر ٹی وی پر نشر کی تھیں

،تصویر کا ذریعہbbc

،تصویر کا کیپشنایرانی حکام نے گزشتہ ہفتے امریکی جاسوس طیارے آر کیو 170 کی تصاویر ٹی وی پر نشر کی تھیں

ایران نے امریکہ کا رواں ماہ کے آغاز میں ایرانی حدود سے اتارا جانے والا جاسوس طیارہ واپس کرنے کا امریکی مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔

ایرانی وزیرِ دفاع احمد وحیدی کا کہنا ہے کہ امریکی جاسوس طیارہ اس کی ملکیت ہے اور اب یہ ایران پر منحصر ہے کہ وہ اس بارے میں کیا فیصلہ کرتا ہے۔

احمد وحیدی نے کہا کہ امریکہ ایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر معافی مانگے۔

واضح رہے کہ ایرانی حکام نے گزشتہ ہفتے امریکی جاسوس طیارے آر کیو 170 کی تصاویر ٹی وی پر نشر کی تھیں۔

ایران کا اصرار ہے کہ انہوں نے اس طیارے کے الیکٹرانک نظام پر قابو پا کر اسے اتارا جبکہ امریکہ کا کہنا ہے کہ طیارہ فنی خرابی کی وجہ سے ایرانیوں کے ہاتھ لگا ہے۔

ایران کی نیوز ایجنسی اسنا نے مسٹر وحیدی کےحوالے سے کہا کہ امریکی جاسوس طیارہ اس کی ملکیت ہے اور اب یہ ایران پر ہے کہ وہ اس بارے میں کیا فیصلہ کرتا ہے۔

ایران کے سرکاری ٹی وی نے پیر کو ایک بیان میں کہا فوجی حکام جاسوس طیارے سے ڈیٹا یا معلومات حاصل کرنے کے آخری مراحل میں ہیں۔

ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی کے رکن پرویز سوروی کے مطابق ان کا ملک جاسوس طیارے سے حاصل ہونے والی معلومات کو امریکہ کے خلاف قانونی کارروائی کے طور پر استعمال کرے گا۔

امریکی وزیرِ خارجہ ہلیری کلنٹن نے پیر کوتسلیم کیا تھا کہ ایرانیوں کی جانب سے ڈرون کی واپسی کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

ان کے مطابق ایران کی جانب سے اشتعال انگیزی کی متعدد کوششوں کے باوجود امریکہ اپنے طیارے کی واپسی کے لیے سفارتی راستہ اپنائے گا۔

ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ ڈرون طیارہ افغانستان کی جانب سے ایرانی علاقے میں داخل ہوا تھا اور ایران کی حدود میں ڈھائی سو کلومیٹر اندر آ چکا تھا جب اسے سائبر حملہ کر کے نیچے اتارا گیا۔

دریں اثناء ایرانی حکومت نے اقوامِ متحدہ کو ایک خط لکھا ہے جس میں امریکہ پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔