’جرمنی کا بے وقوف ترین ڈاکو‘

فائل فوٹو

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنڈاکو نے اپنے گذشتہ جرائم کا بھی اعتراف کر لیا۔

جرمنی میں عدالت نے ایک ڈاکو کو قید کی سزا سنائی ہے جسں ایک ایسے بینک کو لوٹنے کی کوشش کی جو برسوں پہلے بند کر دیا گیا تھا۔

اس ڈاکو نے پہلے کسی راہ گیر سے کھلونا پستول چھینا اور اس کی مدد سے بینک کی عمارت میں ڈکیتی کرنے کی کوشش کی۔

اس عمارت سے بینک کی برانچ برسوں پہلے منتقل کر دی گئی تھی اور اب وہاں صرف چند کیش مشینیں پڑی تھیں۔

بینک کے بند ہونے بعد اس عمارت میں ایک فزیوتھراپسٹ کا کلینک قائم تھا۔ ڈاکو نے وہاں موجود خاتون کو یرغمال بنا لیا اور دس ہزار یورو کا مطالبہ کر ڈالا۔ تاہم بعد میں صرف چار سو یورو لے کر فرار ہو گیا۔

جرمنی کے ایک اخبار نے اس شخص کو ’جرمنی کا بے وقوف ترین ڈاکو‘ لکھا ہے۔

اس ستاون سالہ شخص کو سات سال کی سزا سنائی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ ڈاکو واردات کے بعد ایک چوری کی ہوئی گاڑی میں فرار ہو گیا تھا لیکن بعد میں اسے سڑک کنارے چھوڑ گیا۔ جاتے جاتے ایک بے وقوفی یہ کرڈالی کہ اپنا کھلونا پستول گاڑی میں پھینک گیا جس پر اس کی انگلیوں کے نشان تھے۔

ملزم نے عدالت میں اعترافِ جرم کرلیا اور اس سے قبل کی گئی بائیس واراتوں کی تفصیلات بھی بتا دیں۔

اس کے گذشتہ جرائم بھی اسے دی جانے والی سزا کا باعث بنے۔