’امریکہ میں دہشت گردی کا خطرہ‘

،تصویر کا ذریعہAP
امریکی سیکریٹری خارجہ ہلری کلنٹن کا کہنا ہے کہ امریکہ میں نائن الیون کی دسویں برسی کے موقع پر دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پیچھے القاعدہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ نیویارک یا واشنگٹن ڈی سی میں دہشت گردی کی کوشش کی’واضح، قابل اعتبار لیکن غیر مصدقہ اطلاع‘ ہے۔
ہلری کلنٹن نے نیویارک کی سٹاک ایکسچینج میں نائن الیون کی برسی کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب کے بعد کہا کہ اطلاع کے مطابق بم حملے میں گاڑی یا ٹرک کا استعمال کیا جا سکتا ہے اور یہ کام اس شدت پسند گروپ کا ہے جس نے دس سال قبل حملہ کیا تھا۔
’القاعدہ ایک بار پھر امریکہ خاص طور پر نیویارک اور واشنگٹن کو نقصان پہنچانے کی کوشش میں ہے۔‘
انھوں نے عوام کو اس خطرے آگاہ کرنے کے فیصلے کے بارے میں کہا کہ’اس کا مقصد لاکھوں امریکیوں کو چوکس کرنا تھا کہ وہ اپنی آنکھیں اور کان کھلے رکھیں۔‘
ہلری کلنٹن کے مطابق ریاست اور وفاقی حکام اس خطرے کو بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
اس سے پہلے نیویارک کے میئر مائیکل بلومبرگ نے کہا ہے کہ امریکہ میں گیارہ ستمبر کے حملوں کی دسویں برسی کے موقع پر نیویارک یا واشنگٹن ڈی سی میں دہشتگردی کا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس خطرے کے حق میں شواہد تو نہیں ملے ہیں لیکن اسے سنجیدگی سے لیا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خطرے کے پیشِ نظر پلوں، ٹنلز اور پبلک ٹرانسپورٹ کی جگہوں پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
مائیکل بلومبرگ نے میڈیا کو بتایا کہ دہشتگردی کے خطرے کے پیشںِ نظر نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے اضافی نفری تعینات کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کی جگہوں پر اضافی سکیورٹی کی تعنیاتی کے علاوہ بیگ کی تلاشی بھی لی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب پولیس کمشنر ریمنڈ کیلے نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں نیویارک کے سب وے میں سیکورٹی کو مزید بڑھا دیا جائے گا۔
پولیس کمشنر ریمنڈ کیلے نے بی بی سی کو بتایا کہ امریکہ میں گیارہ ستمبر کے حملوں کی دسویں برسی کے موقع پر ممکنہ دہشت گردی کے خطرے پر انہیں تشویش ہے۔
انہوں نے کہا ’اس میں کوئی شک نہیں کہ نیویارک دس برس پہلے کے مقابلے میں بہت زیادہ محفوظ ہو گیا ہے تاہم اس کی کوئی گارنٹی نہیں ہے‘۔
ریمنڈ کیلے کا کہنا تھا کہ ہم شہر کو محفوظ بنانے کے لیے ہرممکن اقدام کر رہے ہیں لیکن یہ دنیا خطرناک ہے۔
وائٹ ہاؤس کے حکام کے مطابق امریکی صدر براک اوباما کو اس خطرے کے بارے میں جمعرات کو بریفنگ دی گئی۔
اوباما نے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ دہشتگردی کے خلاف کیے جانے والے اقدامات کو مزید بہتر بنائیں۔
دوسری جانب امریکی ٹی وی نیٹ ورک اے بی سی نیوز نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ تین افراد ملک میں دہشت گردی کر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان افراد میں ایک امریکی شہری ہے جو اگست میں امریکہ میں دہشت گردی کرنے کے ارادے سے داخل ہوا تاہم اس بارے میں مصدقہ اطلاع نہیں ہے۔
امریکہ میں گیارہ ستمبر کے حملوں کی دسویں برسی کے موقع پر اتوار کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی جگہ ایک دعائیہ تقریب منقعد کی جائے گی۔
امریکی صدر براک اوباما اور سابق صدر جارج ڈبلیو بش اس دعائیہ تقریب میں شرکت کریں گے۔







