’مرکل دنیا کی سب سے بااثر خاتون‘

،تصویر کا ذریعہReuters
عالمی جریدے فوربز نے جرمنی کی چانسلر اینگلا مرکل کو دنیا کی سب سے بااثر خاتون قرار دیا ہے جبکہ بھارت میں حکمران ترقی پسند اتحاد کی لیڈر سونیا گاندھی اس فہرست میں ساتویں درجے پر ہیں۔
اس فہرست میں سیاسی رہنماؤں کے علاوہ کاروبار ، ذرائع ابلاغ اور تفریح کی دنیا کی شخصیات کو اہمیت دی گئی ہے۔
بدھ کو جاری کی گئی فہرست میں امریکہ کی وزیرِ خارجہ ہیلری کلنٹن دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ تیسرا درجہ برازیل کی صدر ڈلما رسیف کا ہے۔
فہرست میں بھارت کے حکمراں اتحاد یو پی اے کی صدر سونیا گاندھی کو ساتویں نمبر پر رکھا گیا ہے جبکہ گزشتہ سال کی فہرست میں پہلے نمبر پر آنے والی امریکی صدر براک اوباما کی اہلیہ مشیل اوباما کو آٹھواں مقام حاصل ہوا ہے۔
’فوربز وومن‘ کی صدر اور ناشر مورا فوربس کا کہنا ہے کہ ’ہماری فہرست سے پتہ چلتا ہے کہ کس طرح الگ الگ علاقوں میں کام کرنے والی خواتین عالمی سطح پر موثر کردار ادا کر رہی ہیں چاہے وہ ملک کی قیادت کرنے کا معاملہ ہو یا پھر ہمارے وقت کے اہم معاملات پر اپنا اثر چھوڑنے کا‘۔

،تصویر کا ذریعہReuters
سو بااثر خواتین کی فوربز کی تازہ فہرست میں آٹھ خواتین اپنے ملک کا اقتدار سنبھال رہی ہیں جبکہ انتیس کمپنیوں کی سربراہ ہیں۔ ان کی اوسط عمر چوّن سال ہے اور مجموعی طور پر یہ تیس كھرب ڈالر کی رقم کا کنٹرول سنبھالے ہوئے ہیں۔
فہرست میں پہلے نمبر پر آنے والی اینگلا مركل نے یورپ میں عالمی معیشت کو ایک نئی سمت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ فہرست میں تیسرے نمبر پر آنے والی ڈلما رسیف نے لاطینی امریکہ کی سب سے بڑی اقتصادی طاقت مانے جانے والے برازیل کی پہلی خاتون صدر بن کر نئی تاریخ لکھی ہے۔
فہرست میں چوتھے نمبر پر آنے والی پیپسي كو یو ایس کی چیف ایگزیکٹو افسر اندرا نوئي کمپنی کی ساٹھ ارب ڈالر کی خوراک اور مشروبات سے متعلق مصنوعات کی سلطنت کو دیکھتی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پانچویں نمبر پر موجود فیس بک کی چیف ایگزیکٹو شیرل سیڈبرگ کو سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ کو عوامی مقبولیت دلانے کا کریڈٹ دیا جاتا ہے۔
فوربز کا کہنا ہے کہ فہرست میں شامل خواتین نے صرف پیسے اور قدرت کے بل پر ہی طاقت حاصل نہیں کی ہے بلکہ اس میں سوشل میڈیا ، اچھی پہنچ اور اثرات کا بھی تعاون ہے۔
پاپ سنگر لیڈی گاگا اور نیویارک ٹائمز کی حال ہی میں مقرر کی گئی ایگزیکٹو ایڈیٹر جل ایبرہمسن اس کی فہرست میں گیارہویں اور بارہویں نمبر پر ہیں۔
اس فہرست میں شامل پچیس سالہ سالہ لیڈی گاگا سب سے کم عمر جبکہ انچاسویں ویں نمبر پر آنے والی برطانیہ کی پچاسی سالہ ملکہ الزبتھ سب سے معمر رکن ہیں۔







