’ملا عمر کی ہلاکت کی تردید‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

افغانستان میں طالبان کے ایک ترجمان نے طالبان رہنما ملا عمر کی ہلاکت کے دعوے کی سختی سے تردید کی ہے۔

افغان انٹیلی جنس ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان رہنما ملا عمر پاکستان میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے طالبان کے ترجمان ذبیع اللہ مجاہد نے کہا کہ’یہ کسی بھی طور پر ممکن نہیں ہے کہ ان کے رہنماء ہلاک ہو گئے ہیں۔‘

ایک نامعلوم مقام سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ’یہ محض پروپیگنڈا ہے اور یہ کسی طور ممکن نہیں ہے۔‘

واضح رہے کہ طالبان کی تردید اس وقت سامنے آئی ہے جب افغان انٹیلی جنس ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی نے طالبان رہنما ملا عمر کو ہلاک کر دیا ہے۔

یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ وہ گزشتہ گیارہ روز سے لاپتہ ہیں۔

افغانستان کے ایک نجی ٹی وی چینل طلوع نے افغان سکیورٹی ایجنسی ’این ڈی ایس‘ کے ایک نامعلوم اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ’ ملا عمر کو اس وقت ہلاک کیا گیا جب آئی ایس آئی ان کو ایجنسی کے سابق سربراہ جنرل ریٹائر حمید گل کی مدد سے کوئٹہ سے شمالی وزیرستان منتقل کر رہی تھی۔‘