’تیل بہنے سے نقصان جلد پورا کیا جائے گا‘
امریکہ میں خلیج میکسیکو میں تیل رسنے سے ہونے والے نقصان کو پورا کرنے کے لیے قائم کیے گئے بیس ارب ڈالر کے فنڈ کے منتظم نے کہا ہے کہ نقصان کا جلد ازالہ کیا جائے گا۔

کینتھ فینبرگ نے کہا کہ صدر براک اوباما چاہتے ہیں کہ جن لوگوں کا نقصان ہوا ہے انہیں جلد سے جلد ادائیگی شروع کر دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ مچھیروں اور کاروباری لوگوں کی طرف سے دائر ہونے والے دعووں پر فیصلہ کرتے ہوئے ان کی رائے کو زیادہ اہمیت دی جائے گی۔
تیل کی کمپنی برٹش پیٹرولیم(بی پی) نے سمندر کی تہہ سے تیل نکالنے کے لیے بنائی گئی رِگ کی تباہی کے بعد امریکی صدر کے دباؤ میں ان لوگوں کی مدد کے لیے فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا جن کا سمندر میں تل رسنے سے نقصان ہوا تھا۔
دریں اثناء خلیج میکسیکو میں برٹش پیٹرولیم کی تباہ ہونے والی اس رگ ’ڈیپ واٹر ہورائزن پلیٹ فارم‘ پر کام کرنے والے ایک کارکن نے بی بی سی کے پروگرام پینوراما میں بتایا کہ انہوں نے رگ کی تباہی سے ہفتوں پہلے اس کے حفاظتی نظام میں خرابی کی نشاندہی کی تھی۔
کارکن ٹائرون بینٹن نے کہا کہ وہ خرابی اس وقت دور نہیں کی گئی تھی بلکہ اسے بند کر کے دوسری مشینری پر انحصار کیا گیا تھا۔
بی پی نے کہا ہے کہ سمندر کی تہہ میں سوراخ کو بند کرنے کی کوششوں اور متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے میں دو ارب ڈالر خرچ ہو چکے ہیں۔ کمپنی نے کہا کہ اب تک بتیس ہزار متاثرین کو دس کروڑ پچاس لاکھ روپے ادا کیے جا چکے ہیں۔



