’ٹائیگرز کے ہسپتال پر قبضہ‘

سرلنکا
،تصویر کا کیپشنہسپتال پر شدید لڑائی کے دوران شمالی علاقوں میں قبضہ کیا گیا

سری لنکا کی فوج کے ایک ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ تامل ٹائیگرز کے ایک ہسپتال پر قبضہ کیا گیا ہے۔

بریگیڈیئر ادایا نانایاکارا نے کہا ہے کہ اس گشتی ہسپتال پر شدید لڑائی کے دوران شمالی علاقوں میں قبضہ کیا گیا اور یہ علاقے میں ٹائیگرز کی واحد طبی سہولت تھی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اب اس بات کی تصدیق ہو چکی ہے کہ شمال میں باغیوں کے پاس پندرہ مربع میل کا علاقہ رہ گیا ہے۔

اب تک ٹائیگرز کی طرف سے ہسپتال پر قبضے کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے۔

اس دوران تامل ٹائیگرز کی حامی ایک ویب سائٹ نے الزام لگایا ہے کہ فوج نے ایک سو تیتیس شہریوں کو ہلاک کیا ہے۔

تامل نٹ نامی ویب سائٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں انچاس بچے بھی شامل تھے اور یہ ہلاکتیں اس علاقے میں ہوئی ہیں جسے محفوظ علاقہ قرار دیا گیا تھا اور جہاں ان شہریوں نے پناہ لی ہوئی تھی۔

جنگ کے علاقے میں آزادانہ رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کو جانے کی اجازت نہیں ہے اس لیے دونوں جانب سے کیے جانے والے دعوؤں کی تصدیق کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔