کیری جانسن: شادی کے بغیر 10 ڈاؤننگ سٹریٹ میں رہنے والی پہلی ’میڈم پرائم منسٹر‘

،تصویر کا ذریعہReuters
- مصنف, فرانسس گلٹ اور لوسی ویبسٹر
- عہدہ, بی بی سی نیوز
بورس جانسن اور ان کی منگیتر کیری سمنڈز ویسٹمنسٹر کیتھیڈرل میں 29 مئی کو شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ اس طرح بورس جانسن تقریباً 200 برسوں میں پہلے وزیرِ اعظم بنے جنھوں نے اپنی وزارتِ اعظمیٰ کے دوران شادی کی ہے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے، جس میں گذشتہ سال وزیرِ اعظم خود مبتلا ہو کر انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں بھی رہے تھے، شادی کی تاریخ کا کوئی باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ اور عالمی وبا کی وجہ سے ایسا کرنے کی وجہ سمجھ میں بھی آتی ہے۔
بلکہ یہ خبر سنیچر کی رات کو سامنے آئی اور اگلے دن ڈاؤننگ سٹریٹ نے اس کی تصدیق کی۔
کیری جانسن کون ہیں؟

،تصویر کا ذریعہPA Media
کیری جانسن انڈیپینڈنٹ اخبار کے بانی میتھیو سمنڈز اور اسی اخبار کی وکیل جوزفین مکیفی کی بیٹی ہیں۔
33 سالہ کیری جنوب مغربی لندن میں پلی بڑھیں ہیں اور انھوں نے وارک یونیورسٹی سے آرٹ ہسٹری اور تھیئٹر سٹڈیز کی تعلیم حاصل کی ہے۔

،تصویر کا ذریعہPA Media
وہ کہتی ہیں کہ سیاست میں ان کی پہلی نوکری رچمنڈ پارک اور نارتھ کنگسٹن کے رکن پارلیمان زیک گولڈسمتھ کے ساتھ کام کرنا تھی۔ وہ کہتی ہیں کہ ’مجھے نہیں پتہ کہ اگر وہ نہ ہوتے تو میں ٹوریز کے لیے کام بھی کرتی یا نہیں۔‘
انھوں نے سنہ 2010 میں کنزرویٹو پارٹی میں بطور ایک پریس آفیسر کام شروع کیا، اور دو سال بعد بورس جانسن کی لندن میں میئر کے دوبارہ منتخب ہونے کی کامیاب مہم میں شامل رہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بعد میں انھوں نے اس وقت کے کلچر سکریٹری جان وٹنگڈیل کے لیے کام کیا، اور اس کے بعد وہ ساجد جاوید کی میڈیا کی خصوصی مشیر اس وقت بنیں جب وہ محکمہ برائے کمیونٹیز اور لوکل گورنمنٹ میں تھے۔
یہ بھی پڑھیے
وہ پارٹی کی کمیونیکیشنز کی سربراہ بنیں لیکن 2018 میں انھوں نے سمندری حیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی ایک کمپنی اوشیانا میں پبلک ریلیشنز کے شعبہ میں کام کرنا شروع کر دیا۔
اس کے بعد انھوں نے کنزرویٹیو گروپ ایسپینال فاؤنڈیشن میں شمولیت اختیار کی اور جنوری 2021 میں ان کے کمیونیکیشنز کے شعبے کی سربراہ بن گئیں۔

،تصویر کا ذریعہPA Media
کیری جانسن کو جانوروں اور ماحول کے تحفظ کا بہت شوق ہے اور وہ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جانوروں پر ظلم اور پلاسٹک کے کچرے سے متعلق خبریں لگاتی رہتی ہیں۔
انھوں نے ایک مرتبہ کہا تھا کہ ’یہ جانوروں کے تحفظ سے متعلق ایک خیراتی ادارے کے ساتھ انٹرنشپ ہے جس نے سب سے پہلے مجھے جانوروں کی فلاح و بہبود پر کام کرنے اور اپنا حصہ ڈالنے کے متعلق تحریک دی۔‘
اخبارات کے مطابق انھوں نے بورس جانسن کو قائل کیا کہ وہ لومڑی کے شکار کی مخالفت کریں اور ان ہی کی وجہ سے بطور وزیر اعظم اپنی پہلی تقریر میں بورس جانسن نے جانوروں کی فلاح و بہبود کے وعدے کیے۔

،تصویر کا ذریعہPA Media
گذشتہ برس کیری کے ہاں پہلے بچے ولفرڈ لائری نکولس کی پیدائش ہوئی۔ بچے کا نام ان کے اور بورس جانسن کے گرینڈ فادرز اور ان دو ڈاکٹروں کے نام پر رکھا گیا جنھوں نے کورونا وائرس کے شکار وزیرِ اعظم کی ہسپتال میں دیکھ بھال کی تھی۔
کہا جاتا ہے کہ وزیرِ اعظم بچے کی پیدائش کے وقت ہسپتال میں موجود تھے اور بعد میں ڈاؤننگ سٹریٹ کام پر چلے گئے۔
اس کے بعد انھوں نے ویڈیو کال کے ذریعے ولفرڈ کی پیدائش میں مدد کرنے والی دائیوں سے بات کی۔

،تصویر کا ذریعہAndrew Parsons / No10 Downing Street
2009 میں کیری جانسن نے اخبار ڈیلی ٹیلی گراف کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ یونیورسٹی میں ان کے پہلے سال کے دوران بلیک کیب چلانے والے ریپ کے مجرم جان وربوائز نے بھی انھیں اپنی ٹیکسی میں لفٹ دی تھی۔
انھوں نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط ختم کرتے ہوئے بتایا کہ جولائی 2007 میں جب وہ مغربی لندن کے ایک بس سٹاپ پر بس کا انتظار کر رہی تھی تو جان وربوائز نے اپنی ٹیکسی روک کر انھیں پانچ پاؤنڈ کے عوض گھر پہنچانے کی پیشکش کی تھی۔ جب وہ اس کی ٹیکسی کے پیچھے بیٹھی تھیں تو اس نے انھیں شیمپیئن کا ایک گلاس دیا، جسے انھوں نے چپکے سے کار کے اندر انڈھیل دیا لیکن بقول ان کے انھوں نے اس کے دیے ہوئے ووڈکا شاٹ کو ضرور پیا تھا۔
بعد میں انھوں نے وربائے کو جیل سے رہا کرنے کے فیصلے کے خلاف مہم میں حصہ لیا۔ یہ فیصلہ اب واپس لیا جا چکا ہے۔
یہ جوڑا کتنے عرصے سے ایک ساتھ رہ رہا ہے؟
کیری جانسن اور بورس جانسن کا رومانس پہلی مرتبہ 2019 کے اوائل میں میڈیا میں سامنے آیا تھا۔
بورس جانسن کی دوسری بیوی اور ان کی بچپن کی دوست میرینا وہیلر نے 2018 میں اعلان کیا تھا کہ وہ 25 سال کی رفاقت کے بعد اب علیحدہ ہو رہے ہیں۔ ان دونوں کے چار بچے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہPA Media
سنہ 2019 میں بورس جانسن کی ٹوری پارٹی کی قیادت کے لیے مہم کے دوران کیری اکثر حاضرین میں موجود ہوتی تھیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جب جولائی 2019 میں بورس جانسن وزیرِ اعظم بنے تو کیری باہر کھڑی انھیں 10 ڈاؤننگ سٹریٹ میں جاتا ہوا دیکھ رہی تھیں۔
یہ ماضی کے ان مناظر سے بالکل مختلف تھا جب وزیرِ اعظم اپنی بیوی یا شوہر کے ساتھ ڈاؤننگ سٹریٹ میں قدم رکھتے تھے۔
لیکن دسمبر کے انتخابات کے بعد جوڑا اکٹھا گھر میں داخل ہوا۔

،تصویر کا ذریعہPA Media
دونوں 11 ڈاؤننگ سٹریٹ کے اوپر ایک فلیٹ میں رہتے ہیں۔
انھوں نے ساؤتھ ویلز میں جانوروں کا تحفظ کرنے والے ایک خیراتی ادارے سے ایک جیک رسل کتا لے کر اپنایا ہوا ہے، جس کا نام انھوں نے ڈِلن رکھا ہے۔
انھوں نے گذشتہ فروری میں اعلان کیا تھا کہ وہ منگنی کر رہے ہیں اور یہ کہ ان کے ہاں ایک بچے کی پیدائش متوقع ہے۔ اس کے بعد ان کا بیٹا ولفریڈ اپریل کے آخر میں پیدا ہوا تھا۔
اس سے وزیر اعظم کی ذاتی زندگی کیسے بدلی ہے؟
جب بورس جانسن نے اقتدار سنبھالا تو یہ ایک غیر معمولی بات تھی کہ ملک کا وزیر اعظم ڈاؤننگ سٹریٹ میں ایک گرل فرینڈ کے ساتھ رہتا ہو۔
سنہ 1721 کے بعد سے 56 سالہ جونسن صرف تیسرے طلاق شدہ وزیر اعظم ہیں۔ جبکہ کیری 173 برسوں میں کسی بھی وزیر اعظم کی سب سے کم عمر پارٹنر ہیں۔

،تصویر کا ذریعہPA Media
اپنی دوسری سابق اہلیہ مس وہیلر سے پہلے بورس جانسن نے 1987 میں ایلگرا موسٹن اوون سے شادی کی تھی جو صرف چھ سال چلی۔
2004 میں انھیں کنزرویٹو فرنٹ بینچ سے اس لیے برطرف کر دیا گیا تھا کیونکہ انھوں نے صحافی پیٹرونیلا وائٹ کے ساتھ مبینہ افیئر کے متعلق اپنی پارٹی کے رہنما کو گمراہ کیا تھا۔
اور 2013 میں عدالت میں ایک سماعت کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ایک خاتون سے بورس جانسن کی ایک بیٹی بھی ہے جس کی پیدائش اس وقت ہوئی تھی جب وہ 2009 میں لندن کے میئر تھے۔
شعبہ سیاست کے لیکچرار ڈاکٹر نکولس ایلن کہتے ہیں کہ اگرچہ 1950 کی دہائی میں جب طلاق یافتہ وزیرِ اعظم انتھونی ایڈن نے ملک کی قیادت کی تھی تو اس وقت طلاق کو معیوب سمجھا جاتا تھا، لیکن اب وزیر اعظم کے ساتھی کا خیال معاشرے کے اصولوں کے مطابق بدل گیا ہے۔
آفس فار نیشنل سٹیٹکس (او این ایس) کے مطابق یہ کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے، ایک دوسرے کے ساتھ رہتے ہوئے غیر شادی شدہ جوڑے اب برطانیہ میں تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
اور اگرچہ بورس جانسن اپنی بیوی سے تقریباً 24 سال بڑے ہیں لیکن سیاست میں پہلے بھی عمر میں اتنا زیادہ فرق دیکھا گیا ہے۔ ڈاکٹر نکولس ایلن نے اینتھونی ایڈن اور ان کی دوسری بیوی کلیریسا کے درمیان 23 سالہ فرق کا حوالہ دیا۔
یہ بھی پہلا موقع نہیں ہے جب کسی وزیر اعظم کے ہاں وزارتِ اعظمیٰ کے دوران بچہ پیدا ہوا ہو۔
ٹونی اور چیری بلیئر کے ہاں مئی 2000 میں بیٹا لیو پیدا ہوا تھا، جبکہ ڈیوڈ کیمرون اور سمینتھا کیمرون کی بیٹی فلورنس 2010 میں پیدا ہوئی تھی۔
وزیر اعظم کے پارٹنرز کا عموماً کیا کردار ہوتا ہے؟
ڈاکٹر ایلن کہتے ہیں کہ ’جتنے وزیر اعظم بننے کے طریقے ہیں اتنے ہی وزیر اعظم کی اہلیہ یا پارٹنر بننے کے بھی طریقے ہیں۔‘
ڈاکٹر ایلن جو رائل ہولوے یونیورسٹی میں لیکچر دیتے ہیں کہتے ہیں کہ یہ کردار ’ہمیشہ تشریح کے لیے کھلا رہتا ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ تمام پارٹنرز کسی حد تک وہ ہوتے ہیں جنھیں باتیں بتائی جائیں، جن سے رات کے وقت بات ہو سکے، اور اس کے علاوہ سرکاری تقریبات میں وزیر اعظم کے ہمراہ ان کا ساتھ دینے والے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
اس کے علاوہ ماضی کے پارٹنرز نے جو کردار چنے ان میں ’نجی چیمپیئن‘ کا کردار بھی شامل تھا، جس طرح کہ نیول چیمبرلین کی بیوی این اپنے شوہر کی حوصلہ افزائی کرتی تھیں کہ وہ بلند مقام کی جستجو کرتے رہیں۔
کچھ پارٹنرز نے پالیسی یا سیاسی کردار اپنائے جبکہ کچھ نے صرف دفتر کے کام کاج کے بوجھ سے دھیان ہٹانے والے کا ہی کام کیا۔
ٹریزا مئے اپنے شوہر فلپ مئے کو اپنے لیے ایک چٹان بتاتی ہیں۔ انھوں نے اخبار ڈیلی میل کو بتایا کہ ایک مشکل ہفتے میں انھوں نے ان کے لیے وہسکی ڈالی اور انھیں ٹوسٹ پر پھلیاں لگا کر دیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
ٹریزا مئے کے شوہر فلپ اپنی اہلیہ کی طرح کافی حد تک ایک پرائیویٹ شخصیت ہیں لیکن پھر بھی وہ سابق وزیر اعظم کے ساتھ بیرون ملک کئی دوروں پر گئے۔
ان کے کردار کی درست ترجمانی ان سے پہلے آنے والے واحد مرد پیش رو ڈینس تھیچر کر سکتے ہیں جن کے متعلق مشہور تھا کہ ’ہمیشہ موجود، لیکن کبھی وہاں نہیں۔‘
سنہ 2004 میں چھپنے والی اپنی کتاب ’پرائم منسٹرز وائیوز اینڈ ون ہسبنڈ‘ میں مصنف مارک ہچنس لکھتے ہیں کہ ان ساتھیوں کا اپنا کیریئر نہیں ہوتا۔
چیری بلیئر سے پہلے صرف آڈری کیلیگن اور ڈینس تھیچر کے اپنے کیریئر تھے۔
وہ کہتے ہیں کہ بہت سے وزیرِ اعظموں کی بیویوں نے بھی کبھی کھل کر بات نہیں کی، اگرچہ نجی محفلوں میں سیدھی باتیں کرنا فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
وہ لکھتے ہیں: ’یہ کلیمنٹین چرچل کی بڑی طاقت تھی، خاص طور پر 1940 میں جب ونسٹن کی مقبولیت اور وقار عروج پر تھا اور انھوں نے انھیں (ونسٹن چرچل کو) ایک بے لاگ خط لکھا، جس میں کہا گیا کہ حقیقت میں طاقت ان کے سر میں گھس گئی ہے۔‘
جب انسانی حقوق کے وکیل اور پارٹ ٹائم جج چیری بلیئر اپنے شوہر ٹونی کے ساتھ نمبر 10 میں داخل ہوئیں تو اس سے پہلے کبھی بھی وزیر اعظم کے پارٹنر کا اتنا اعلیٰ پروفائل نہیں تھا۔

،تصویر کا ذریعہPA Media
چیری بلیئر ایک وکیل کی حیثیت سے کام کرتی رہیں اور اکثر ان کے اقدامات شہ سرخیاں بنتے تھے۔
ایک مرتبہ انھوں نے ٹی وی شو رچرڈ اینڈ جوڈی کو فون کر کے شکایت کی کہ ان کے شوہر کبھی بھی ان کے لیے پھول نہیں خریدتے۔ اس کے علاوہ وہ پالیسی امور پر بھی بات کرتی تھیں۔
نیو کیسل یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے ہسٹری لیکچرر ڈاکٹر مارٹن فار کہتے ہیں کہ ’وہ (کسی بھی) وزیر اعظم کی پہلی (ایسی) شریک حیات تھیں جن کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ وہ اپنے شوہر سے زیادہ کماتی تھیں۔‘
چیری بلیئر کے بعد آنے والی سارہ براؤن اور سمینتھا کیمرون نے اپنی حیثیت کو فلاحی مقاصد کے لیے استعمال کیا اور دونوں نے ہی ڈاؤننگ سٹریٹ میں کئی استقبالے دیے۔
تعلقات عامہ کی ایگزیکٹو اور فلاحی ادارے کی بانی سارہ براؤن نے اپنے فلاحی کام جاری رکھے اور 2009 میں عالمی ادارہ صحت کے اجلاس میں انھوں نے اہم تقریر بھی کی۔
بعد میں انھوں نے ایک یادداشت میں وزیر اعظم کی شریک حیات کی حیثیت سے زندگی کی تفصیل بتائی۔
دریں اثنا اپنے شوہر کے اقتدار سنبھالنے کے بعد بزنس وومین سمینتھا کیمرون نے، جو پانچ ماہ کی حاملہ تھیں، اعلان کیا کہ وہ سٹیشنری فرم سمتھسنز کے کریئٹیو ڈائریکٹر کے عہدے سے سبکدوش ہو رہی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
بعد میں انھوں نے رضاکاروں کے لیے باقاعدہ استقبالیے دیے اور وہ برٹش فیشن کونسل کی سفیر بھی رہیں۔
ڈاکٹر ایلن کہتے ہیں کہ وزیرِ اعظم کے ساتھی کا کردار اب دوسری طویل مدتی ثقافتی تبدیلی کے ساتھ بدل چکا ہے اور اب ’بیوی بس اپنے شوہر سے ہی نہیں جانی جاتی۔‘










