سکاٹ مکینزی: دنیا کی امیر ترین شخصیات میں شامل خاتون نے سائنس ٹیچر سے شادی کر لی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ارب پتی خاتون مکینزی سکاٹ نے ایمازون کمپنی کے بانی جیف بیزوس سے طلاق کے دو سال بعد اپنے بچوں کے سکول کے سائنس ٹیچر سے شادی کر لی ہے۔
مکینزی سکاٹ کا شمار دنیا کی امیر ترین خواتین میں ہوتا ہے اور وہ اپنی دولت میں سے چار ارب ڈالر عطیہ کر چکی ہیں۔
مکینزی سکاٹ کی ڈین جیویٹ سے شادی کی خبر 'گِوینگ پلیج' نامی ایک ویب سائٹ پر شائع کی گئی ہے جو فلاحی اور خیراتی کاموں کے لیے مشہور ہے۔
مکینزی سکاٹ کے سابق شوہر جیف بیزوس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 'ڈین ایک زبردست شخص ہیں اور وہ اس شادی سے بہت خوش ہیں۔'
دنیا کی امیر ترین شخصیات کی دولت اور مالی حیثیت کے بارے میں اعداد و شمار شائع کرنے والے بین الاقوامی جریدے فوربز کے مطابق مکینزی سکاٹ کی مجموعی مالی حیثیت 53 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے اور وہ اس دولت میں سے ایک بڑا حصہ خیراتی کاموں یا عطیہ کرنے کے بارے میں وعدہ کر چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہGiving Pledge
انھوں نے زیادہ تر عطیات خواتین کے فلاحی اور خیراتی کام کرنے والی تنظیموں، ضرورت مند افراد کو خوراک فراہم کرنے والے 'فوڈ بینکس' اور سیاہ فام افراد کے لیے قائم کردہ کالجوں کو دی ہے۔
سکاٹ مکینزی کی جیف بیزوس سے شادی 25 سال تک قائم رہی اور انھوں نے جیف بیزوس کو 1994 میں ایمازون کمپنی قائم کرنے میں مدد دی تھی۔ وہ دو ناولوں کی مصنفہ بھی ہیں۔
ایمازون کی ویب سائٹ پر اب ان کے بارے میں یہ تحریر ہے کہ وہ امریکی شہر سیاٹل میں اپنے چار بچوں اور اپنے شوہر ڈین کے ساتھ رہتی ہیں۔ ڈین ان کے بچوں کے سکول میں پڑھاتے ہیں جو ایک اعلیٰ پائے کی تعلیمی درس گاہ ہے۔
سنہ 2019 میں جب جیف بیزوس سے سکاٹ مکینزی کی علحیدگی ہوئی تو اس وقت وہ دنیا کے امیر ترین شخص تھے اور ان کے پاس ایمازون کمپنی کے سولہ فیصد حصص تھے۔ طلاق کے بعد ایمازون کے چار فیصد حصص سکاٹ مکینزی کے حصے میں آئے تھے۔
جیف بیزوس اور ٹیسلا کمپنی کے مالک کے درمیان دنیا کے امیر ترین شخص ہونے کا مقابلہ رہتا ہے اور اس کا دارومدار ان کی کمپنیوں کے حصص کی اوپر نیچے ہوتی ہوئی قیمتوں پر رہتا ہے۔
دنیا کی امیر ترین افراد کی فہرست میں سکاٹ مکینزی کا نمبر 22واں ہے جبکہ ان کے سابق شوہر جیف بیزوس 117 ارب ڈالر کی مجموعی دولت کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
عطیات کے وعدے
'دی گیونگ پیلج' ویب سائٹ ان ارب پتی افراد کے لیے بنائی گئی ہے جو اپنی دولت کا کچھ حصہ امدادی اور فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کرنے کا ارادرہ رکھتے ہیں۔
سکاٹ مکینزی کے شوہر ڈین جیویٹ نے بھی اس ویب سائٹ پر اپنی اہلیہ کے فلاحی کاموں میں ان کا ساتھ دینے کا عہد کیا ہے۔
ڈین جیویٹ نے اپنے ایک پیغام میں لکھا 'اپنی زندگی ہی میں اپنی دولت کا ایک بڑا حصہ عطیہ کرنے کے بارے میں یہ خط لکھنا ایک عجیب سا تجربہ ہے کیونکہ میں نے اپنی زندگی میں کبھی اتنی دولت جمع کرنے کے بارے میں سوچا بھی نہیں تھا جس کے بارے میں یہ کہا جائے۔'
پلیج نامی ویب سائٹ بِل اور ملینڈا گیٹس اور وارن بفیٹ نے سنہ 2010 میں شروع کی تھی اور جیف بیزوس اس میں شریک نہیں ہوئے تھے۔
جویٹ نے اپنے خط میں لکھا کہ 'ایک خوشگوار اتفاق ہے کہ میری شادی ایک دریا دل شخص سے ہو گئی اور میں ان کے اس وعدے میں شریک ہو رہا ہوں کہ اپنی دولت کا ایک بڑا حصہ وہ غیروں کی مدد کے لیے چھوڑ جائیں گی۔'











