برطانیہ میں طوفانی بارشیں، 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں

،تصویر کا ذریعہPA Media
برطانیہ میں فرانسس نامی طوفان کی وجہ سے ملک کے کئی حصوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے ۔ برطانیہ کے بعض علاقوں میں ہوائیں ستر میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
پولیس دریائے ٹاف میں جانے والے دو افراد کو ڈھونڈ رہی ہے جن میں ایک کشتی ران ہے جس کی چھوٹی کشتی ڈوب گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہےکہ اس سے ملک میں ٹریفک کا نظام متاثر ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں کی وجہ سے اڑتی ہوئی اشیا سے لوگوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
سکاٹ لینڈ میں 90 ملی میٹر (تین اعشاریہ پانچ انچ) بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ملک کے بعض حصوں میں 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
جزیرے آئل آف وائٹ میں منگل کے روز دن گیارہ بجے 74 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں ریکارڈ کی گئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیون ساحل کے علاقے وائٹ بارو سمیت بعض علاقوں میں چھیالیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

ویلز کے شہروں ، نیتھ ، وٹلینڈ اور ٹونیریفل کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
امدادی اداروں نے کارمارتھنشائر کے علاقے میں سیلاب میں پھنسے ہوئے نو افراد کو محفوظ مقام پر پہنایا ہے۔ ان افراد نے وہاں کیمپ لگا رکھا تھا۔
شمالی آئرلینڈ میں شدید بارشوں کی وجہ سے زندگی متاثر ہوئی ہے اور کئی علاقوں میں سڑکیں سیلاب کے پانی میں ڈوب گئی ہیں۔
دریائے شمنا کے پشتے ٹوٹنے کی وجہ سے قریبی سڑک زیر آب آ گئی ہے۔ پولس نے ڈرائیوروں کو سفر کے لیے متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
برطانیہ میں بارش، سیلاب، اور تیز ہواؤں کی وجہ سے کئی ٹرینیوں کو منسوخ یا ملتوی کر دیا گیا ہے۔ نیٹورک ریل کے مطابق ملک بھر میں تیز ہواؤں کی وجہ سے ٹرینوں کی رفتار کو محدود کر دیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہPA Media
محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار ایلکس ڈیکن نے کہا ہے کہ منگل کے روز برطانیہ کے زیادہ تر علاقے بارش اور تیز ہواؤں کی زد میں رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں غیر معمولی تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ انگلینڈ اور ویلز میں درمیانے درجے کا موسمی انتباہ جاری کر رکھا ہے۔
برطانیہ کے وسطی علاقوں خاص طور پر برمنگھم کے آس پاس کے علاقوں میں لوگوں کو سیلاب کے خطرے سے خبردار کیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہPA Media
طوفان فرانسش رواں ماہ کا دوسرا طوفان ہے۔ گذشتہ ہفتے آنے والے طوفان ایلن نے ملک میں بجلی کی ترسیل کے نظام کو درہم برہم کر دیا تھا۔
2015 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ برطانیہ کو اگست کے مہینے میں دو طوفانوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
محکمہ موسمیات کے اہلکاروں کے مطابق اگست کے مہینے میں اس رفتار سے تیز ہوائیں چلنا غیر معمولی ضرور ہے لیکن ماضی میں اس سے کہیں زیادہ تیز ہوائیں چلنے کا ریکارڈ موجود ہے۔
1996 اگست میں 87 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں برطانیہ میں اگست کے مہینے میں چلنے والے تیز ہواؤں کا ریکارڈ ہے۔
برطانیہ میں ابھی تک اگست کے مہینے میں سب سے زیادہ بارشیں 1912 میں ریکارڈ کی گئی تھیں جب ایک ماہ میں 167 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ رواں ماہ یکم سے بائیس اگست تک 72 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہیں۔
رواں ماہ میں کسی اور طوفان کی ابھی تک کوئی پیشگوئی موجود نہیں ہے۔










