کورونا وائرس: 12 سال سے زیادہ عمر کے بچے ماسک پہنیں، عالمی ادارہ صحت کا پیغام

بچے

،تصویر کا ذریعہReuters

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات آٹھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہیں جبکہ عالمی ادارہ صحت نے 12 سال سے زیادہ عمر کے بچوں کے لیے اپنی ہدایات میں کہا ہے کہ انھیں بھی بالغوں کی طرح ماسک کا استعمال کرنا چاہیے۔

عالمی ادارہ صحت نے یہ تسلیم کیا ہے کہ اس بارے میں ابھی کم معلومات ہیں کہ بچوں میں یہ وائرس کیسے منتقل ہو رہا ہے تاہم ادارے کا کہنا ہے کہ یہ شواہد موجود ہیں کہ نوعمر بچوں سے یہ دوسروں میں اسی طرح منتقل ہوتا ہے جیسے بالغوں سے منتقل ہوتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو عموماً ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہے۔

جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں کورونا کیسز کی تعداد 23 لاکھ ہو چکی ہے جن میں امریکہ، برازیل اور انڈیا میں سب سے زیادہ مریض ہیں۔

اس وبا سے سب سے زیادہ اموات امریکہ میں ہوئیں۔ امریکہ میں مرنے والوں کی تعداد تقریباً پونے دو لاکھ کے قریب بنتی ہے۔

کورونا بینر
لائن

دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ اموات برازیل میں ہوئیں جہاں 113،000 افراد اس وائرس سے ہلاک ہوئے۔

لیکن یہ خیال ظاہر کیا جاتا ہے کہ کورونا متاثرین کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے جس کی وجہ کم ٹیسٹ اور مریضوں میں علامات ظاہر نہ ہونا ہو سکتی ہے۔

اب کچھ ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہو رہا ہے جن میں یورپی یونین، جنوبی کوریا اور لبنان شامل ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ یہ وبا کم ازکم دو سال تک رہے گی۔ تاہم برطانیہ کے نامی گرامی سائنسدانوں کے خیال میں یہ وبا کسی نہ کسی شکل میں ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے گی۔

عالمی ادارہ صحت کی ویب سائٹ پر ماسک کے استعمال کے حوالے سے مندرجہ ذیل ہدایات لکھی گئی ہیں۔

12 سال سے زیادہ عمر کے بچوں کے لیے ماسک کا استعمال ویسے ہی ضروری ہے جیسے بالغوں کے لیے۔ خاص طور پر تب جب وہ دوسروں سے ایک میٹر کی دوری کا فاصلہ برقرار نہ رکھ سکیں۔

کورونا

،تصویر کا ذریعہReuters

چھ سے 11 سال کی عمر کے بچوں کے لیے ڈبلیو ایچ او کی ہدایات یہ ہیں کہ دیکھا جائے کہ بچے کے اردگرد کیا ماحول ہے یعنی اس جگہ پر وائرس کس حد تک پھیلا ہوا ہے اور کیا بچہ ایسے لوگوں کے درمیان موجودہ ہے جو کورونا وائرس کے خطرے سے دیگر کی نسبت زیادہ شکار ہو سکتے ہوں۔ جیسا کہ عمر رسیدہ افراد۔ اس کے علاوہ اس عمر کے بچوں کی بڑوں کو نگرانی کرنی چاہیے تاکہ وہ ٹھیک طور پر ماسک پہنیں اور اتاریں۔

عام حالات میں پانچ سال اور اس سے کم عمر بچوں کے لیے عالمی ادارہ صحت نے ماسک پہننا ضروری قرار نہیں دیا۔

اساتذہ کے لیے عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ 60 سال تک کی عمر کے وہ لوگ جو صحت مند ہوں تاہم ایک میٹر کی دوری کو برقرار نہ رکھ پائیں اور جو بچوں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوں انھیں کپڑے کا ماسک استعمال کرنا چاہیے۔

لیکن وہ افراد جن کی صحت اتنی اچھی نہ ہو انھیں میڈیکل ماسک پہننا چاہیے۔