ترکی: مسافر بردار طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار، تین افراد ہلاک، 179 زخمی

پیگاسز کا تباہ ہونے والا طیارہ

،تصویر کا ذریعہSTR

ترکی کے شہر استنبول کے ہوائی اڈے پر ایک مسافر بردار طیارہ رن وے سے پھسلنے کے بعد ٹکڑے ٹکڑے ہو گیا اور اس حادثے میں تین افراد ہلاک جبکہ 179 مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔

اس حادثے کے باعث طیارہ تین ٹکڑوں میں تقسیم ہو گیا ہے۔

حکام کے مطابق پیگاسس ایئر لائن کی پرواز پر 171 مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے۔ طیارہ ملک کے مغربی صوبے ازمیر سے استنبول پہنچا تھا جہاں یہ صبیحہ گوکن کے ہوائی اڈے پر حادثے کا شکار ہوا۔

ترکی کے مواصلات کے وزیر محمد چاہت تورہان نے کہا ہے بوئنگ 737 خراب لینڈنگ کے بعد اپنی رفتار پر قابو نہیں رکھ سکا تھا۔

اس واقعے کے بعد ہوائی اڈے کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا اور تمام پروازوں کو دوسرے ہوائی اڈوں کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ترکی کے ذرائع ابلاغ کے مطابق تیز بارش اور طیارے کے عقبی حصے پر ہوا کے تیز دباؤ کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔

طیارے کے حادثے کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹکڑوں میں بٹے ہوئے طیارے سے مسافر باہر نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ بہت سے امدادی کارکن اس کے اردگرد کام کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ کچھ ویڈیوز میں جہاز کے اندر لگی آگ بھی دیکھی جا سکتی ہے لیکن اس آگ پر بہت جلد قابو پا لیا گیا۔

پیگاسز کا تباہ ہونے والا طیارہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

ترکی کے وزیر صحت فہرتن کوکا نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والے مسافر کا تعلق ترکی سے ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس حادثے میں زخمی ہونے والے تمام مسافروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

استنبول کے گورنر علی یرلیکایا کا کہنا ہے کہ ’بدقسمتی (موسم کی خرابی کے باعث) طیارے پر پائلٹ کا کنٹرول نہ رہ سکا اور اور طیارہ رن وے سے پھسل کر 50 سے 60 میٹر دور چلا گیا۔‘

پیگاسز کا تباہ ہونے والا طیارہ

،تصویر کا ذریعہSTR

ترکی کے میڈیا کے مطابق طیارے پر سوار زیادہ تر افراد کا تعلق ترکی ہی سے ہے تاہم مسافروں میں 20 غیر ملکی بھی شامل ہیں۔

ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اس جہاز پر دو پائلٹس تھے جن میں سے ایک کا تعلق ترکی اور دوسرے کا تعلق جنوبی کوریا سے ہے۔ دونوں پائلٹ بھی زخمی ہیں۔

ترکی کے وزیر مواصلات کا کہنا ہے کہ ابھی تک حکام کو جہاز کے پائلٹس سے بات کرنے کا موقع نہیں ملا ہے۔