انڈیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی نے کھلونوں کی سب سے پرانی دکان ’ہیملیز‘ خرید لی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا کے امیر ترین انسان مکیش امبانی نے کھلونوں کی معروف برطانوی کمپنی ہیملیز خرید لی ہے۔
مکیش امبانی کی کمپنی ریلائینس برانڈز لمیٹیڈ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے چینی کمپنی سی بینر سے اس سودے کا معاہدہ طے کیا ہے۔
ریلائینس برانڈز کے سربراہ درشن مہتا کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ 'دنیا بھر میں اب ہیملیز کو خریدنا۔۔۔ ہمارے لیے ایک خواب کی تعبیر کی مانند ہے۔'
سی بینر نے سنہ 2015 میں ہیملیز کو دس کروڑ پاؤنڈ کے عوض فرانسیسی کمپنی سے خریدا تھا۔ ریلائینس کی جانب سے خریدے جانے کے بعد یہ چوتھا موقع ہے کہ ہیملیز کی ملکیت تبدیل ہوئی ہے۔
یہ واضح نہیں ہے کہ موجودہ سودا کتنی رقم میں طے ہوا ہے لیکن چند خبروں کے مطابق یہ معاہدہ تقریباً ساڑھے چھ کروڑ پاؤنڈ سے زیادہ میں طے ہوا ہے۔

،تصویر کا ذریعہEPA
کھلونوں کی سب سے پرانی دکان ہیملیز کا قیام 1760 میں ہوا تھا اور اب دنیا کے 18 ممالک میں ان کے 167 سٹورز ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مکیش امبانی کی ریلائینس کمپنی انڈیا کے 29 شہروں میں ہیملیز کے 88 سٹورز چلاتی ہے۔
جریدے فوربز کے مطابق دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک، مکیش امبانی کی مجموعی دولت 50 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
گذشتہ سال ہیملیز نے 92 لاکھ پاؤنڈ کا خسارہ اٹھایا تھا اور اس کا ذمہ دار انھوں نے بریگزٹ اور دہشت گردی کے خطرے کو قرار دیا تھا۔
کمپنی نے برطانیہ میں چار سٹورز کھولے تھے لیکن ان میں سے دو کو بعد میں بند کر دیا تھا۔ لیکن ان کا سب سے معروف سٹور لندن کی ریجینٹ سٹریٹ پر 1881 سے قائم ہے اور وہ شہر کے یادگار مقامات میں سے ایک تصور کیا جاتا ہے۔
سات منزلہ اس سٹور میں کھلونوں کی تقریباً 50000 قطاریں ہیں۔







