جنسی استحصال سے متعلق خط پر پوپ کا خاموش رہنے کا اعلان

،تصویر کا ذریعہReuters
پوپ فرانسس نے ویٹیکن کے سابق ڈپلومیٹ کی جانب سے استعفیٰ دینے کے مطالبے پر ردِ عمل دینے سے انکار کر دیا ہے۔
آرچ بشپ کارلو ماریا ویگانو نے ان پر امریکی کارڈینل کی جانب سے جنسی استحصال کے معاملے کی پردہ پوشی کا الزام بھی عائد کیا۔
صحافیوں نے آئر لینڈ سے رون واپسی پر پوپ سے ان الزامات سے متعلق سوال کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ آرچ بشپ ویگانو کی جانب سے 11 صفحات پر مبنی اس خط کے جواب میں ایک لفظ بھی نہیں کہیں گے۔
ان کا کہنا تھا ’ میں پورے خلوص کے ساتھ آپ سے یہ کہوں گا کہ آپ میں سے جو بھی اس کا جواب چاہتے ہیں وہ اس دستاویز کو احتیاط سے پڑھیں اور خود فیصلہ کریں۔‘
اسی بارے میں
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
’میں اس بارے میں ایک لفظ بھی نہیں کہوں گا میرا خیال ہے کہ یہ بیان خود اپنا جواب ہے۔‘
یہ خط ایسے وقت میں جاری کیا گیا جو پوپ آئر لینڈ میں پارسیوں کی جانب سے کیے گئے جنسی استحصال کے بارے میں بات کر رہے تھے۔
پوپ نے جہاز میں ان کے ہمراہ سفر کرنے والے صحافیوں سے کہا کہ ’آپ کا صحافتی ادراک آپ کو نتائج تک پہنچا دے گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’تھوڑا وقت گذرنے کے بعد آپ کو سمجھ آ جائے گی اور شاید میں بھی اس بارے میں بات کروں۔`
الزامات کیا تھے؟
ان کا کہنا تھا کہ پوپ ایک نمایاں امریکی کارڈینل کا استعفے قبول کرنے سے پانچ سال قبل سے ہی ان پر جنسی استحصال کے الزامات سے واقف تھے۔
آرچ بشپ ویگانو کا کہنا تھا کہ انھوں نے 2013 میں بھی پوپ کو کارڈینل تھیوڈور مک کیریک کی جانب سے پادریوں اور مکتب میں موجود نچلے درجے کے طلبا کے ساتھ جنسی استحصال کے معاملے سے آگاہ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پوپ کم از کم جون سنہ 2013 سے اس بارے میں جانتے تھے۔ وہ جانتے تھے کے وہ بد دیانت ہے انھوں نے بدترین کے لیے اس کی پردہ پوشی کی۔ اور پوپ کو اس معاملے کی پردہ پوشی کرنے والے تمام کارڈنیلز اور پشپ سمیت مستعفی ہو کر مثال قائم کرنا ہوگی۔‘

،تصویر کا ذریعہEPA
تاہم آرچ بشپ ویگانو نے سنہ 2013 میں پوپ کے ساتھ اپنی مبینہ گفتگو کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔
انھوں نے سنہ 2011 سے سنہ 2016 تک واشنگٹن میں ویٹیکن کے سفیر کے فرائص نبھائے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انھوں نہ سنہ 2006 میں ویٹیکن میں کچھ اعلی عہدے داروں کو بھی میمو تحریر کیے اور اس بارے میں خبردار کیا تھا۔
جنسی استحصال کے ملزم کارڈینل تھیوڈور مک کیریک سنہ 1981 سے 2001 تک نیو جرسی کے ایک مکتب میں تعینات رہے ان پر وہاں موجود بالغوں کے ساتھ جنسی استحصال کا الزام ہے۔
مک کیریک اب 88 برس کے ہیں اور انھوں نے ان الزامات کے بعد جولائی میں استعفی دے دیا تھا۔








