چین قطب شمالی میں بحری گزرگاہیں بنائے گا

،تصویر کا ذریعہGetty Images
چین نے ایسے بحری راستوں کے منصوبے کا اعلان کیا ہے جو قطب شمالی سے گزریں گے اور یہ ایک قطبی سلک روٹ بن جائے گا۔
چین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر درجۂ حرارت میں اضافے سے گلیشیئرز کے پگھلنے اور سمندر کی سطح بلند ہونے کا مطلب ہے قطبِ شمالی سے گزرنے والی بحری گزرگاہیں زیادہ قابل استعمال ہو جائیں گی۔ اِس طرح یہ گزرگاہیں عالمی تجارت کے لیے تیزی سے اہم ہوتی جائیں گی۔
چین کا کہنا ہے کہ اِس منصوبے کے لیے روس اور دیگر قطبی ممالک کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔
یہ منصوبہ چین کے اُس بڑے منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت وہ یورپ اور دنیا کے دیگر حصوں سے تجارتی رابطے قائم کرنا چاہتا ہے۔
چین کے صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ نامی منصوبے کا مقصد بھی یورپ اور ایشیا کے درمیان بندرگاہوں، سڑکوں اور ٹرینوں کا ایسا جال بچھانا ہے جس کا محور چین ہو۔ اِس کے لیے چین نے ایک کھرب ڈالر کی رقم مختص کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بعض ماہرین کے مطابق یہ ایک ستم ظریفی ہے کہ عالمی درجۂ حرارت کے اضافے میں صنعتوں کا اپنا ایک کردار ہے لیکن اِسی وجہ سے تجارت کے نئے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔
گزشتہ برس اگست میں پہلی مرتبہ ایک روسی بحری جہاز نے ناروے سے جنوبی کوریا کا سفر برف توڑنے والے بحری جہاز کی مدد کے بغیر کیا۔
خطۂ قطب شمالی سے متعلق اپنے پہلے سرکاری پالیسی پیپر میں چین نے لکھا ہے کہ ’چین قطبی یا پولر سلک روڈ بنانے کے لیے تمام متعلقہ ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ ‘
پیپر میں لکھا گیا ہے کہ قطب شمالی کے بحری راستے کو استعمال کرنے کے لیے ہر ملک کا حق تسلیم کیا جانا چاہیے۔
یہ شمال مشرقی آبی گزرگاہ چین کو سوئس اور پاناما کینال کے مقابلے میں دنیا کی کئی بندرگاہوں تک ایک تیز رفتارسمندری راستہ فراہم کرتی ہے۔
ایک اندازے کے مطابق اِس وقت بذریعہ نہرِ سوئس روٹرڈیم سے چین تک کا سفر 48 روز میں ہوتا ہے جبکہ اِس نئے راستے کی وجہ سے اِس سفر میں 20 روز کی کمی ہو سکتی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق چین کے نائب وزیرِ خارجہ نے اِن خدشات کو غیر ضروری قرار دیا ہے کہ چین قطب شمالی کے وسائل کو لوٹنا چاہتا ہے اور وہاں کا ماحول تباہ ہو جائے گا۔
تاہم پالیسی پیپر میں تیل، گیس، معدنیات، ماہی گیری اور دوسرے وسائل کے بارے میں چین کی دلچسپی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ چین دوسرے ممالک کے تعاون سے یہ سب کرے گا۔
چین کے سرکاری پالیسی پیپر میں کمپنیوں کو قطب شمالی میں سہولتوں کے ڈھانچے کی تعمیر اور کمرشل بنیادوں پر تجرباتی طور پر سفر کی ترغیب دی گئی ہے۔







