میزائل حملے کی غلط تنبیہہ، ہوائی میں افراتفری

،تصویر کا ذریعہTwitter
امریکی ریاست ہوائی میں سنیچر کی صبح میزائل داغے جانے کے انتباہ پر رہائیشیوں میں اس وقت تک افرا تفری رہی جب تک کہ یہ اعلان نہ کیا گیا کہ غلط انتباہ جاری کر دیا گیا تھا۔
موبائل فون صارفین کو ایک میسیج آیا جس میں یہ لکھا تھا کہ 'بیلسٹک میزائل ہوائی کی جانب آ رہا ہے۔ فوراً چھپ جائيں۔ یہ کوئی ڈرل نہیں ہے۔'
ریاست کے گورنر ڈیوڈ آئیگے نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ملازم کے غلط بٹن دبا دینے کے سبب ہوا جبکہ امریکی حکومت نے کہا ہے کہ اس کے متعلق مکمل تفتیش ہوگی۔
خیال رہے کہ ہوائی میں انتباہ کا ایک نظام نصب ہے کیونکہ یہ شمالی کوریا کے میزائل کی رینج سے بہت قریب ہے۔
دسمبر میں سرد جنگ کے بعد سے پہلی بار ریاست میں جوہری وارننگ کے سائرن کا تجربہ کیا گيا تھا۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام
غلط وارننگ کا میسیج لوگوں کے موبائل فون کے ساتھ ٹی وی اور ریڈیو سٹیشن سے بھی نشر ہوا۔ فون پر پہنچنے والا پیغام بڑے حروف میں تھا اور یہ مقامی وقت کے مطابق صبح 08:07 منٹ پر بھیجا گیا تھا۔
ہونولولو سٹار ایڈورٹائزر نے بتایا کہ 18 منٹ بعد اس کو درست کیا گیا لیکن موبائل پر 38 منٹ تک کوئی اپ ڈیٹ نہیں تھی۔
گورنر آئیگے نے کہا کہ ریاستی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (ای ایم اے) میں تین شفٹ میں کام کرنے والے افراد سے یہ غلطی ہوئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہINSTAGRAM/@SIGHPOUTSHRUG VIA REUTERS
انھوں نے کہا: 'ہر شفٹ کی تبدیلی پر یہ معمول ہے کہ تمام نظام کی جانچ کی جاتی ہے کہ آیا وہ کام کر رہا ہے۔ اور ایک ملازم نے غلط بٹن دبا دیا۔'
ای ایم اے کے ناظم ورن میاگی نے کہا: 'یہ غلطی بے دھیانی کے سبب ہوئی۔ شفٹ کی تبدیلی کے وقت تین لوگ تھے ۔۔۔ اور یہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔'
ریڈیو اور ٹی وی پر جاری نشریات کے درمیان ایک ریکارڈ شدہ ایمرجنسی پیغام پڑھا گیا جس میں لوگوں سے گھروں کے اندر رہنے کے لیے کہا گیا۔
اس کے بعد ہر شخص کی مختلف کہانی ہے جو جہاں تھا وہیں چھپنے کی کوشش کر رہا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ہوائی ایوان نمائندہ گان کے رکن میٹ لوپریسٹی نے کہا کہ جب ان کے فون پر الرٹ آیا تو وہ گھر پر تھے اور انھوں نے اپنے بچوں کے ساتھ باتھ ٹب میں پناہ حاصل کی تھی۔
وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ اس غلط انتباہ کے وقت صدر ٹرمپ فلوریڈا میں تھے اور انھیں اس کے بارے تفصیل دی گئی۔
ہوائی کے ڈیموکریٹ سینیٹر میزی ہیرونو نے کہا: 'آج کا انتباہ غلط تھا۔ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اس زمانے میں ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ تمام معلومات درست ہوں۔۔۔ ہمیں اس بات کی یقین دہانی کرنی ہوگی کہ مستقبل میں پھر ایسا کبھی نہ ہو۔'










