متحدہ عرب امارات میں سڑک کے کنارے گاڑی کھڑی کر کے نماز ادا کرنے پر پابندی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
متحدہ عرب امارات میں ڈرائیورز کو کہا گیا ہے کہ سڑک کے کنارے گاڑی کھڑی کر کے نماز ادا کرنے پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
گلف نیوز کے مطابق سینیئر پولیس حکام کی جانب سے یہ وراننگ دبئی میں پیش آنے والے حادثے کی بعد جاری کی گئی ہے جس میں دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
پولیس افسر بریگیڈئیر سیف موحیر المازوری نے گلف نیوز کو بتایا کہ خلاف ورزی کی صورت میں ڈرائیو کو 136 ڈالر تک جرمانہ کیا جا سکے گا۔
انھوں نے کہا پیٹرول سٹیشنز پر موجود مساجد نماز کی ادائیگی کے محفوظ مقامات ہیں اور ڈرائیورز کو انھیں استعمال کرنا چاہیے۔
'ہائی ویز پر یہ قابل قبول نہیں کہ ڈرائیور سڑک کنارے گاڑی کھڑی کر کے نماز ادا کریں، سنیچر کو پیش آنے والا واقعہ دیگر ڈرائیورز کے لیے ایک سنجیدہ پیغام ہے کہ رواں ٹریفک کے قریب سڑک کے کنارے گاڑی کھڑی کرنا کتنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔'
ایک اور پولیس افسر نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ'سڑک کا کنارہ نماز کی ادائیگی کے لیے مناسب جگہ نہیں ہے اور اس سے نماز ادا کرنے والوں کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نیشنل نیوز کی ویب سائٹ کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک گاڑی کا ٹائر پھٹنے کے نتیجے میں وہ بے قابو ہو کر نماز ادا کرنے والوں پر چڑھ گئی۔
ویب سائٹ کے مطابق آٹھ افراد کا ایک گروپ مسجد کے باہر سڑک کنارے مغرب کی نماز ادا کر رہا تھا جب گاڑی ان سے ٹکرا گئی اور اس واقعے میں دو افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہو گئے جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کی رفتار مقررہ حد سے زیادہ تھی۔
خیال رہے کہ دبئی میں ٹریفک خلاف ورزیوں کے قوانین کو مزید سخت بنایا گیا ہے جس میں رفتار کی حد کی سنگین خلاف ورزی کی صورت میں 816 ڈالر کا جرمانہ شامل ہے۔









