سمندری طوفان نیٹ: چار ریاستوں میں الرٹ جاری

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سمندری طوفان نیٹ امریکہ کے خلیجی ساحل سے ٹکرا گیا ہے جہاں تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور شدید بارش ہو رہی ہے۔
یہ طوفان سنیچر کو رات گئے لوئیزیانا میں میسیسیپی دریا کے قریب پر زمین سے ٹکرایا جس میں 137 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
وہاں سے گزرتے ہوئے مزید شمال کی جانب یہ ایک بار پھر ریاست میسیسیپی میں بیلوکسی کے مقام پر زمین سے ٹکرایا۔
تیزی سے بلند ہوتے ہوئے سمندری پانی کے خدشے کے پیش نظر لوئیزیانا، میسیسیپی، ایلاباما اور فلوریڈا کے بعض حصوں میں ساحلی علاقوں کو خالی کرنے کا انتباہ جاری کیا گیا۔
خیال رہے کہ نیٹ سمندری طوفان کی زد میں آنے سے نیکاراگوا، کوسٹاریکا اور ہونڈوراز جزائر میں کم از کم 25 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
اس کے بعد اس طوفان کی طغیانی میں کمی واقع ہوئی ہے اور اس کی شدت کو درجہ ایک قرار دیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اگرچہ گذشتہ ماہ آنے والے طوفان ماریا اور ارما کی طرح یہ زیادہ شدید نہیں ہے تاہم حکام نے کہا ہے کہ نیٹ تیزی سے آگے بڑھ رہا اور یہ جنوبی علاقوں میں سیلاب کا سبب ہو سکتا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سنیچر کو لوئیزیانا کے لیے ہنگامی صورت حال کا اعلان کیا ہے اور ریاست کو طوفان سے نمٹنے کے لیے تیاری اور ممکنہ امدادی کارروائی میں وفاق سے امداد کی بات کہی ہے۔
ایلاباما میں ریپبلکن گورنر کے آئیوی نے طوفان کی زد میں آنے والے علاقے کے رہائیشیوں سے تمام تر احتیاط برتنے کے لیے کہا ہے۔
خلیجی ساحل پر موجود پانچ بندرگاہوں کو احتیاطی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
امریکی خلیج میں زیادہ تر پیٹرول سٹیشنز کو طوفان کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے اور وہاں سے سٹاف کو ہٹا لیا گیا ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نیشنل ہریکین سینٹر نے دریائے پرل کے مہانے سے ایلاباما فلوریڈا کی سرحد تک طوفان کا انتباہ جاری کیا ہے اور بعض نچلی سطح سے انخلا کا حکم جاری کر دیا گيا ہے۔
طوفان سے قبل لوئیزیانا کے گورنر جان بیل ایڈوارڈس نے ہنگامی صورت حال کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ایک ہزار سے زیادہ نیشنل گارڈز کے فوجی بلائے گئے ہیں جن میں سے کئی کو نیو آرلیانز میں حالات کا جائزہ اور پانی کی نکاسی کا انتظام دیکھنے کے لیے روانہ کیا گیا ہے۔
جبکہ نیو آرلیانز میں شام چھ بجے سے لازمی کرفیو نافذ کیا گیا ہے اور ابھی وہاں طوفان کا انتباہ نافذ ہے۔









