امریکہ: ریاست ٹیکساس میں طوفان کے باعث ’شدید سیلاب‘ کا خطرہ

امریکہ طوفان

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنریاست کے گورنر گریگ ایبٹ کا کہنا ہے کہ مستقل بارشوں کے باعث ریاست میں سیلاب کا خطرہ ہی سب سے بڑا خطرہ ہے

امریکی نیشنل ہریکین سینٹر نے خبردار کیا ہے سمندری طوفان 'ہاروی' ریاست ٹیکساس سے ٹکرا گیا ہے اور اپنے ساتھ 200 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار کے جھکڑ اور طوفانی بارشیں بھی ساتھ لایا ہے جس سے ریاست میں ’شدید سیلاب‘ آنے کا خطرہ ہے۔

ادھر ریاست کے گورنر گریگ ایبٹ کا کہنا ہے کہ مستقل بارشوں کے باعث ریاست میں سیلاب کا خطرہ ہی سب سے بڑا خطرہ ہے۔ شہر ہیوسٹن میں 20 انچ بارس پہلے ہی ہو چکی ہے اور گورنر کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے کے دوران مزید 40 انچ بارش متوقع ہے۔

ہاروی ساحل سے ٹکرانے والا کیٹگری فور کا طوفان بتایا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ یہ امریکہ میں گذشتہ 13 سالوں میں آنے والا سب سے خطرناک طوفان ہے۔

امریکہ طوفان

،تصویر کا ذریعہAFP

خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بہت سے رہائشی تباہ ہونے والی عمارتوں میں پھنسے ہوئے ہیں جبکہ بڑے پیمانے پر بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔

طوفان کے باعث بارشوں کا سلسلہ کئی دنوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ مکان میں آگ لگنے کے باعث ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔

این ایچ سی نے خبردار کیا ہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس کے ساحل کے وسطی اور بالائی علاقوں میں 40 انچ تک بارش ہونے کا امکان ہے۔

بہت سے علاقوں سے تو اب تک 10 انچ سے زیادہ بارش ہونے کی اطلاعات موصول ہو چکی ہیں۔

ساحلی شہر کارپس کرسٹی کے رہائشی پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں کیونکہ طوفانی ہواؤں کی وجہ سے جمعے کی شب سے شہر کا بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔

امریکہ طوفان

،تصویر کا ذریعہAFP

ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ شہر کارپس کرسٹی میں 20 انچ اور ہیوسٹن میں 16 تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے، لیکن اس کے علاوہ مزید 20 سے 30 انچ تک بارش کا امکان ہے۔

یوٹیلیٹی کمنیوں کا کہنا ہے کہ تقریباً تین لاکھ افراد کو اس وقت بجلی کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متاثرہ علاقوں کے لیے وفاقی امداد بھیجنے کا کہا ہے۔ گورنر ایبٹ نے انتظامیہ کی جانب سے اس طرح کے ’اقدام‘ کو سراہا ہے۔