فلوریڈا میں طوفان، 65 لاکھ مکانوں کی بجلی منقطع

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکہ کی جنوب مشرقی ریاست فلوریڈا میں حکام کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان ارما کے سبب تقریبا65 لاکھ گھروں میں بجلی منقطع ہے۔
ریاست میں امدادی کارروائیاں جاری ہے اور انجینیئر بجلی بحالی کرنے میں مصروف ہیں۔ تاہم بہت سے علاقے دوسرے حصوں سے کٹ کر رہ گئے ہیں۔
خیال رہے کہ چوتھے درجے کے سمندری طوفان کے سبب فلوریڈا کے جزائر کے مجموعے کیز اور اس کے مغربی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔
طوفان ارما اتور کو فلوریڈا سے ٹکرایا تھا اور پھر منگل کی صبح سے اُس کی رفتار کم ہو گئی ہے۔
نیشنل ہریکین سینٹر (این ایچ سی) نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شمال میں اٹلانٹا کی جانب جاتے ہوئے اس کی رفتار صرف 56 کلومیٹر فی گھنٹہ رہ گئی ہے۔
این ایچ سی نے مزید کہا ہے کہ جنوب مشرقی ریاست میں شدید بارش جاری رہے گی لیکن طوفان کے تمام انتباہ ہٹا لیے گئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان ارما کے سبب ریاست میں کم از کم چار افراد ہلاک ہوئے ہیں گئی جبکہ گذشتہ ہفتے کیریبیئن جزائر میں اس سے 37 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
وائٹ ہاؤس میں ہوم لینڈ سکیورٹی کے مشیر ٹام بوسرٹ نے کہا کہ فلوریڈا کیز کے رہائیشیوں کو اپنے گھروں میں جانے میں ابھی وقت لگے گا۔
انھوں نے کہا: 'میرے خیال سے کیز کئی ہفتوں تک عام شہریوں کے داخلے کے لائق نہیں ہوگا۔'
فلوریڈا کے گورنر رک سکاٹ نے علاقے کا فضائی جائزہ لینے کے بعد کہا: 'ریاست بھر میں بجلی منقطع ہے۔ ناقابل گزر راستے ہیں۔ اس لیے جب تک ہم کام پورا کریں لوگ صبر کا مظاہرہ کریں۔'
کیز کے جزائر فلوریڈا کی سرزمین سے کٹے ہوئے ہیں اور ان کو منسلک کرنے والے 42 پلوں کو پیش آنے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
رپورٹ کے مطابق دس ہزار افراد نے طوفان میں وہیں رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
گو کہ میامی خراب ترین صورت حال سے محفوظ رہا لیکن اس کا بڑا حصہ اب بھی زیر آب ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہوا نے بجلی کے تاروں کو اکھاڑ دیا ہے جبکہ 72 فیصد گھر بغیر بجلی کے ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا کے لیے وفاقی ہنگامی امداد کا اعلان کیا ہے اور طوفان کو 'بڑی آفت' قرار دیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters










