آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
شیرنی نے تیندوے کے بچے کو گود لے لیا
اپنی نوعیت کے ایک انتہائی منفرد واقعے میں افریقہ کی ایک شیرنی نے تیندوے کے بچے کو گود لے لیا ہے اور اسے دودھ پلا رہی ہے۔
یہ واقعہ تنزانیہ کے اینگورونگورو کے علاقے میں پیش آیا اور اسے جوپ وانڈر لنڈ نامی ایک فوٹوگرافر نے کیمرے میں محفوظ کر لیا۔
یہ سیرنگیٹی کا علاقہ ہے جہاں نوسیٹیٹوک نامی ایک پانچ سالہ شیرنی کو ایک تیندوے کے بچے کو دودھ پلاتے اور اس کا خیال رکھتے ہوئے پایا گیا۔
اس شیرنی کے اپنے بچے بھی ہیں جو 27، 28 جون کو پیدا ہوئے تھے۔
شیروں کے تحفظ کے ادارے پینتھیرا کے صدر ڈاکٹر لوک ہنٹر نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ 'بےحد منفرد' واقعہ ہے۔
انھوں نے کہا: 'میرے علم میں نہیں ہے کہ بلی کی نسل کے بڑے درندوں میں اس قسم کا کوئی واقعہ پیش آیا ہو۔ ہمیں یہ تو معلوم ہے کہ شیرنیاں شیروں کے بچوں کو گود لے لیتی ہیں، لیکن یہ واقعہ غیرمعمولی ہے۔
'میرے علم میں اس قسم کا کوئی دوسرا واقعہ نہیں ہے جہاں ایک نسل نے دوسری نسل کا بچہ گود لیا ہو۔'
عام طور پر شیرنیاں اس قسم کے بچوں کو مار ڈالتی ہیں تاکہ وہ بڑے ہو کر ان کے بچوں سے مقابلہ نہ کر سکیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ڈاکٹر ہنٹر نے کہا کہ نوسیٹیٹوک کے اپنے بچے بھی ہیں اور ان کی عمریں تیندوے کے بچے جتنی ہی ہیں۔
انھوں نے کہا: 'اس نے یہ بچہ دیکھا اور اسے اپنا لیا۔ اس کے اندر مامتا کے ہارمون دوڑ رہے ہیں۔'
فی الحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس بچے کی اصل ماں کہاں ہے۔ سفاری کے مقامی کارکنوں کا کہنا ہے کہ اسی علاقے میں ایک مادہ تیندوا ہے جس کے بچے بھی ہیں اور ممکنہ طور پر وہ اس بچھڑے بچے کی ماں ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس بچے کے لیے یہی بہتر ہو گا کہ وہ دوبارہ اپنی ماں سے جا ملے۔