میلبرن سے پرتھ جانے والی پرواز پر سامان میں صرف ایک بیئر کا ڈبہ

،تصویر کا ذریعہAFP
آسٹریلیا کی ایک اندرون ملک پرواز میں ایک مسافر اپنے سامان میں صرف ایک بیئر کا ڈبہ چیک اِن کروانے میں کامیاب ہوگیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق ڈین سٹنسن کا کہنا ہے کہ ان کو اپنے دوستوں کے ہمراہ یہ مذاق سوجھا۔
ڈین میلبرن سے پرتھ جا رہے تھے۔ چار گھنٹے کی پرواز کے بعد پرتھ پہنچنے پر سامان کی ٹرولی پر سب سے پہلے بیئر کا ڈبہ آیا جس پر ٹیگ لگا ہوا تھا اور ڈبہ بند تھا۔
تاہم آسٹریلوی ایئر لائن کینٹس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ دوسرے مسافر بھی ایسا سامان چیک اِن کرائیں۔
ترجمان نے بی بی سی کو بتایا 'یہ مسافر ایسا کرنے میں کامیاب رہے اور وہ انٹرنیٹ پر مشہور ہو گئے ہیں اور ہم اس واقعے کو بھول گئے ہیں۔'
ڈین سٹنسن نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ان کو خوشی ہے کہ ان کی بیئر بحفاظت میلبرن سے پرتھ پہنچ گئی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
مسافروں کا عجوبہ سامان
گذشتہ سال مارچ میں ایک مسافر آسٹریلیا سے واپس چین جا رہا تھا جب اس نے اپنے سامان میں ایک زندہ کیکڑا چیک اِن کرایا۔
اس مسافر کا سامان بحفاظت چین پہنچ گیا لیکن وہاں پر حکام نے یہ کیکڑا قبضے میں لے لیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس واقعے سے ایک ماہ قبل ہی ہانگ کانگ میں سی سی ٹی وی پر دو خواتین کو زندہ کیکڑا اپنے سوٹ کیس میں ڈالتے ہوئے دیکھا گیا۔ ایئر پورٹ حکام نے یہ کیکڑا قبضے میں لے لیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہEssex Police
ایک سال قبل سٹینسٹڈ ایئرپورٹ پر اس وقت خطرے کی گھنٹیاں بج گئیں جب ایک مسافر کے آئی فون کا کوّر ایک پستول کی شکل کا تھا۔
ایئر پورٹ حکام نے یہ فون کوّر قبضے میں لے لیا۔
اسی طرح 2010 میں کارڈف ایئرپورٹ پر ایک مسافر نے منجمد ٹرکی چیک اِن کرایا جس پر حکام نے ان سے کہا کہ اس کی اجازت نہیں ہے۔ جواب میں مسافر نے کہا 'اس کی اجازت کیوں نہیں ہے؟ کیا یہ 30 ہزار فٹ کی بلندی پر پگھل جائے گا؟'

،تصویر کا ذریعہTSA







