ٹائمز سکوائر میں گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھ گئی، ایک خاتون ہلاک متعدد زخمی

،تصویر کا ذریعہEPA
امریکی شہر نیو یارک میں فائر ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ٹائمز سکوئر میں ایک تیزی رفتار گاڑی وہاں پیدل چلنے والے افراد پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک اور 23 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔
چھبیس سالہ ڈرائیور امریکی شہری ہے اور امریکی آرمڈ سروسز کا رکن رہ چکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
نیو یارک کے میئر بل ڈی بلیسو کا کہنا ہے کہ ’ایسے کوئی اشارہ نہیں ملا ہے جس سے اس واقعے کو دہشت گرد کارروائی کہا جا سکے۔‘
سرخ رنگ کی ہونڈا گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھ گئی اور تین بلاک عبور کرنے کے بعد الٹ گئی۔
تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی آدھی الٹی ہوئی ہے اور اس کے بونٹ سے شعلے اور دھواں اٹھ رہا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل لندن، برلن اور فرانسیسی شہر نیس میں گاڑیوں سے کچلنے کے وقعات پیش آ چکے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہEPA
وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف بی آئی اس واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال اس واقعے کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ملا ہے۔
نیو یارک کے محکمہ پولیس نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ ’یہ ایک مختلف واقعہ لگتا ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شہر کی انتظامیہ کہ مطابق وہ حفاظتی اقدامات کے طور پر شہر کے اہم مقامات پر اینٹی ٹیرر یونٹ کے اضافی اہلکار تعینات کر رہے ہیں۔
نیو یارک ٹائمز سے بات کرتے ہوئے ایک عینی شاہد 24 سالہ ڈانہے کا کہنا تھا کہ ’یہ گاڑی انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ جا رہی تھی اور مجھے ایسا لگا کہ جیسے وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو کچلنا چاہتا تھا۔‘
’لوگ چھلانگیں لگا کر خود کو بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔‘









