کومی کی برطرفی: اگر کوئی ٹیپس نہیں تو ٹرمپ کو ’معافی‘ مانگی چاہیے

،تصویر کا ذریعہReuters
سینیئر امریکی قانون سازوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا ہے کہ ایف بی آئی کے برطرف شدہ ڈائریکٹر جیمز کومی کے ساتھ ہونے والی بات چیت کی کوئی ریکارڈنگز ہیں تو اانھیں سامنے لایا جائے۔
سینیٹ میں ڈیموکریٹ رہنما چارلز شومر نے متنبہ کیا ہے کہ کسی بھی ٹیپ کا ضائع کیا جانا قانون توڑنے کے مترادف ہے۔
سینیٹ میں ریپبلکن رہنما لنڈسے گراہم نے کہا کہ وائٹ ہاؤس کو 'بدگمانی دور کرنی چاہیے' کہ آیا کوئی ٹیپ ہے یا نہیں۔
یہ بیانات صدر ٹرمپ کی اس ٹویٹ کے بعد آئے ہیں جس میں انھوں نے بظاہر ایف بی آئی کے سابق سربراہ کو دھمکی دی ہے۔
انھوں نے گذشتہ ہفتے جیمز کومی کو میڈیا سے دور رہنے کا مشورہ دیا تھا اور کہا تھا کہ انھیں امید ہے کہ 'ان کے درمیان ہونے والی بات چيت کی کوئی ٹیپ نہیں ہے۔'
خیال رہے کہ وائٹ ہاؤس نے کسی ٹیپ کی موجودگی کے بارے میں نہ تو تصدیق کی ہے اور نہ ہی انکار کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مسٹر شومر نے خبردار کیا ہے کہ ایف بی آئی کے نئے ڈائریکٹر کے متعلق سینیٹ کے ڈیموکریٹس اس وقت تک ووٹ نہیں دیں گے جب تک کہ امریکی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کے بارے میں جانچ کرنے کے لیے مخصوص پراسیکیوٹر کی نامزدگی نہیں ہوتی۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایف بی آئی ماسکو اور ٹرمپ کی انتخابی مہم کے درمیان ممکنہ روابط کے الزامات کی جانچ کر رہی ہے۔
مسٹر ٹرمپ ایسے کسی روابط سے انکار کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ مسٹر کومی نے انھیں یقین دلایا ہے کہ ان کی جانچ نہیں ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے مسٹر کومی کو اس لیے برطرف کیا کہ وہ اچھی طرح سے کام نہیں کر رہے تھے۔
جبکہ ڈیموکریٹس نے مسٹر کومی کی برطرفی کے لیے صدر ٹرمپ پر الزام لگایا ہے کہ وہ ایف بی آئی کی جانچ کو روکنا چاہتے ہیں۔
مسٹر شومر نے سی این این سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ٹیپ ہے تو 'صدر کو چاہیے کہ اسے فورا پیش کریں۔ ان کا ضائع کیا جانا قانون کی خلاف ورزی ہوگی۔'
انھوں نے مزید کہا: 'اور اگر کوئی ٹیپ نہیں ہے تو انھیں جم کومی اور امریکی عوام کو گمراہ کرنے کے لیے ان سے معافی مانگنی چاہیے۔'
سینیٹر گراہم نے این بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر ٹرمپ کی ٹویٹ 'نامناسب' تھی اور انھوں نے صدر سے 'پیچھے ہٹنے اور جانچ کرنے والوں کو جانچ کرنے دینے' کی اپیل کی ہے۔
انھوں نے کہا: 'آپ ٹیپ کے بارے میں بھولے نہیں بن سکتے۔ اگر بات چیت کی کوئی ٹیپ ہے تو اسے سامنے لائیں۔'










