شام کے چار محصور علاقوں سے شہریوں کے انخلا کا معاہدہ طے پا گیا

،تصویر کا ذریعہAFP
شام کے چار علاقوں میں محصور لوگوں کو نکالنے کے لیے حکومت اور باغیوں میں ایک معاہدے طے پا گیا ہے۔
برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم سیریئن آبزریٹری کا کہنا ہے کہ حکومتی محاصرے میں شمالی مغربی دو دیہات فوع اور كیفرايا سے لوگوں کو نکلنے کی اجازت دی جائے گی۔
شہریوں کا یہ انخلا باغیوں کے زیرِ قبضہ دمشق کے مضافاتی علاقوں مضايا اور زبدانی کے لوگوں کے لیے محفوظ راستے کے بدلے میں کیا جائے گا۔
ایک اندازے کے مطابق شام کے ان محصور علاقوں میں اب بھی کم سے کم 60 ہزار افراد موجود ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ یہ معاہدہ قطر اور ایران نے کروایا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
محصور علاقوں سے لوگوں کا انخلا منگل سے شروع ہو گا لیکن مقامی سطح پر جنگ بندی عمل میں آ چکی ہے۔ اس معاہدے کے تحت لوگوں کو انخلا کے لیے ایک ہفتے تک راستہ فراہم کیا جائے گا۔
جنوری میں بین الاقوامی امدادی تنظیم ریڈ کراس نے خبردار کیا تھا کہ شام کے محصور علاقوں میں صورتحال انتہائی درد ناک ہوتی جا رہی ہے۔
امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ وہاں عام شہری خوراک اور دواؤں کی کمی کی وجہ سے ہلاک ہو رہے ہیں۔







