جرمنی میں ریلوے سٹیشن پر کلہاڑی سے حملے میں پانچ افراد زخمی

پولیس

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنپولیس نے ریلوے سٹیشن کو واقعے کے فوری بعد گھیرے میں لے لیا

جرمنی کے شہر ڈسلڈورف کے مرکزی ٹرین سٹیشن پر حکام کے مطابق کلہاڑی سے حملے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس نے ایک بیان میں وضاحت کی ہے کہ حملے کے بعد دو کی بجائے صرف ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ علاقے میں ممکنہ طور پر دوسرے مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔

وفاقی پولیس نے ٹوئٹر پر لوگوں کو وارننگ جاری کی ہے کہ وہ قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔

ابھی تک حملے کی وجوہات کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا۔ ریلوے سٹیشن کو بند کر کے شواہد حاصل کیے جا رہے ہیں۔

ریلوے سٹیشن پر حملہ مقامی وقت کے مطابق رات نو بجے کے قریب ہوا جس میں پانچ افراد زخمی ہوئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جاری کردہ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے ریلوے سٹیشن کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور ہیلی کاپٹروں سے فضائی نگرانی کی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والے افراد زمین پر پڑے تھے۔

شہر کے مرکزی ریلوے سٹیشن سے روزانہ دس لاکھ افراد سفر کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ جرمنی میں گذشتہ برس دسمبر میں کرسمس مارکیٹ میں شدت پسندی کے واقعے کے بعد سے سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔