احتجاج کے بعد زکربرگ نے جائیداد کا مقدمہ واپس لے لیا

،تصویر کا ذریعہReuters
سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ فیس بک کے سربراہ مارک زکربرگ نے امریکی ریاست ہوائی میں اراضی حاصل کرنے کا مقدمہ واپس لے لیا ہے۔
ارب پتی مارک زکربرگ نے ریاست ہوائی میں واقع کوائی کے جزیروں پر اپنی پہلے سے موجود جائیداد کے آس پاس کچھ زمین لینے کے لیے عدالت میں مقدمہ درج کیا تھا۔
لیکن ان کی اس کوشش پر وہاں کے مقامی رہائشیوں کی جانب سے سخت تنقید ہوئی جس کی وجہ سے انھوں نے یہ کوشش ترک کر دی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے اس پر پہلے زیادہ غور و فکر نہیں کیا تھا اور 'واضح طور پر یہ غلطی تھی۔‘
جمعے کے روز ہوائی کے مقامی اخبار 'گارڈین آئی لینڈ' کو لکھے گئے ایک خط میں مارک زکربرگ اپنے فیصلے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس تنازعے سے انھیں زمین کے حقوق پر تاریخی اہمیت کا زیادہ سبق سیکھنے کو ملا ہے۔

،تصویر کا ذریعہFACEBOOK.COM/ZUCK
زکر برگ نے ہوائی کے جزیرے پر 700 ایکڑ کا قطعۂ زمین کا ٹکڑا خریدا تھا، جہاں ان کا کہنا ہے کہ ان کی فیملی بسنا چاہتی ہے۔ لیکن یہ اراضی متعدد چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں بکھری ہوی جسے کلینا کہا جاتا ہے۔
ہوائی کے ان کلینا ٹکڑوں کی اپنی ایک تاریخ ہے جہاں بسنے والے مقامی کاشتکاروں کو سنہ 1850 میں زمین کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے فراہم کیے گئے تھے۔ یہاں پر رسائی حاصل کرنا، مچھلی پکڑنا اور پانی کے حقوق جیسے مسائل قدرے پیچیدہ ہیں۔
مارک زکربرگ نے عدالت سے کہا تھا کہ وہ متروکہ پلاٹوں کے مالکان کا پتہ کریں تاکہ ان کے ساتھ زمین کے مالکانہ حقوق کا مسئلہ طے کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سے ایسے لوگوں کو تو یہ بھی نہیں معلوم ہو گا کہ وہ زمین کے مالک بھی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن ریاست کے نمائندے کنیلا انگ سمیت بیشتر مقامی لوگوں نے ان کی ان کوششوں کی مخالفت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح زمین حاصل کرنے سے مقامی لوگوں کے حقوق محدود ہو کر رہ جائیں گے۔
مارک زکربرگ نے لکھا: ’غور و فکر کے بعد مجھے اس بات پر افسوس ہے کہ میں نے اس پر عمل کرنے سے قبل اس کی تاریخ اور اس عمل کے بارے میں اچھی طرح سے سمجھنے کے لیے وقت نہیں دیا۔ اب چونکہ میں اس مسئلے کو اچھی طرح سے سمجھ چکا ہوں، تو یہ بات واضح ہے کہ ہم سے غلطی ہوئی۔‘







