2016 کے مقبول ٹوئٹر ٹرینڈز

ٹوئٹر

،تصویر کا ذریعہTwitter

    • مصنف, اطہر کاظمی
    • عہدہ, بی بی سی اردو، لندن

کھیلوں کے مقابلے ہوں، انتخابات ہوں، کوئی نئی ویڈیو گیم مارکیٹ میں آئے یا کوئی اور موضوع، سماجی رابطوں کی سائٹ ٹوئٹر پر عام شہریوں سے لے کر سربراہان مملکت تک ہر شخص آپ کو اپنی رائے کا اظہار کرتا نظر آئے گا۔

سنہ 2016 میں دیگر سوشل میڈیا کی طرح ٹوئٹر پر بھی مختلف خبریں آگ کی سی تیزی سے دنیا بھر میں پھیلیں۔

ٹوئٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق رواں برس ٹوئٹر پر دس سب سے مقبول ٹرینڈز میں پہلے نمبر پر برازیل میں ہونے والی اولمیکس گیمز رہیں۔

Rio2016# اس سال کا سب سے مقبول ہیش ٹیگ تھا۔

امریکی انتخابات میں دنیا بھر سے گہری دلچپسی ظاہر کی جاتی ہے لیکن اس بار ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازع بیانات کی وجہ سے امریکی انتخابات غیر معمولی طور پر عالمی توجہ کا باعث رہے۔

اعدادوشمار کے مطابق Election2016# دوسرا مقبول ترین ٹرینڈ رہا۔

تیسرے نمبر پر ٹرینڈ کرنے والا ہیش ٹیگ ورچوئل ریئلٹی پر مبنی گیم ’پوکے مون گو‘ سے متعلق ہیش ٹیگ PokemonGo# رہا۔

چوتھا مقبول ٹرینڈ Euro2016# رہا جبکہ پانچویں نمبر پر Oscars# تھا۔

گیم آف تھرونز

،تصویر کا ذریعہTwitter

،تصویر کا کیپشنگیم آف تھرونز کے ٹوئٹر اکاونٹ کو بلاول بھٹو زداری بھی فالو کرتے ہیں

برطانیہ کے عوام کی جانب سے یورپی یونین سے علیحدہ ہونے کے حق میں فیصلہ بھی سوشل میڈیا پر خوب موضوعِ بحث رہا۔

Brexit# سنہ 2016 کا چھٹا مقبول ترین ٹوئٹر ٹرینڈ تھا۔

رواں برس امریکہ میں پولیس کے ہاتھوں متعدد سیاہ فام افراد کی ہلاکت کے بعد ’بلیک لائیوز میٹر‘ کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرتا رہا۔

Blacklivematter# اور Trump# بتدریج ساتویں اور آٹھویں نمبر پر رہے۔

2016 میں متعدد نامور شخصیات ہم سے جدا ہوئیں۔ وفات پانے والی ان نامور شخصیات میں باکسر محمد علی اور مشہور گلوکار ڈیویڈ بوئی پرنس شامل تھے۔

یہی وجہ ہے کہ RIP# یعنی ریسٹ ان پیس ٹوئٹر پر نواں مقبول ترین ٹرینڈ تھا۔

امریکہ کی مشہور ڈرامہ سیریز ’گیم آف تھرونز‘ دنیا بھر میں مقبول ہے۔ اس ڈرامے اور اس کے کرداروں سے متعلق اس سال ٹوئٹر پر خاصی بڑی تعداد میں ٹوئٹس کی گئیں۔

GameofThrones# سنہ 2016 میں ٹوئٹر پر دسواں مقبول ٹرینڈ رہا۔