کرپشن کا الزام، زوما کو تحریک عدم اعتماد کا سامنا

جیکب زوما

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنصدر زوما پر ماضی میں بھی کرپشن کے الزامات لگتے رہے ہیں

جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما کے خلاف بدعنوانی اور کرپشن کے الزامات سامنے آنے کے بعد ان کی اپنی جماعت افریکن نیشنل کانفرنس نے انھیں اقتدار سے علیحدہ کرنے کے لیے تحریک عدم اعتماد پیش کر دی ہے۔

ایک حالیہ رپورٹ میں جیکب زوما کے ایک بااثر اور کاروباری گپتا خاندان سے قریبی تعلقات کے بارے میں انکشافات منظر عام پر آئے ہیں۔

ان انکشافات کے سامنے آنے سے جیکب زوما پر کرپشن اور بدعنوانی کے الزامات میں شدت آ گئی تھی۔

پارلیمان میں صدر کے خلاف تحریک عدم اعتماد ان کی اپنی جماعت کے وزیر سیاحت دریک ہنیکوم نے پیش کی ہے۔

کم از کم کابینہ کے دو ارکان وزیر صحت اور پبلک سروس کے وزیر اس تحریک کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں۔

جوہنسبرگ میں موجود بی بی سی کی نمائندہ کرین ایلن کا کہنا ہے کہ یہ جیکب زوما کی سیاسی زندگی کی سخت ترین جنگ ثابت ہو سکتی ہے۔

اس ماہ کے اوائل میں انسداد بدعنوانی کے سرکاری ادارے نے سفارش کی تھی کہ صدر کے خلاف کرپشن اور بدعنوانی کے الزامات اور ان کی حکومت میں 'غیر قانونی کارروائیوں' کی مکمل تحقیقات کے لیے ایک عدالتی کمیشن تشکیل دیا جانا چاہیے۔

جیکب زوما ماضی میں بھی پارلیمان میں کئی مرتبہ ایسی صورت حال کا سامنا کر چکے ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ ان کی اپنی جماعت افریکن نیشنل کانفرنس ان کے بارے میں باضابط طور پر غور کر رہی ہے۔

تحریک عدم اعتماد پر غور کے لیے افریکن نیشنل کانفرنس کی اعلی اختیارتی کمیٹی نے اپنے اجلاس میں توسیع کر دی ہے۔

جیکب زوما اور گپتا خاندان دونوں ہی نے کسی قسم کی بدعنوانی اور غیر قانونی کارروائیوں کے الزامات کی تردید کی ہے۔