نائیجل فراج امریکہ میں برطانیہ کے اچھے سفیر ہوں گے: ٹرمپ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے برطانوی دائیں بازو کی جماعت یوکِپ کے رہنما نائیجل فراج امریکہ میں برطانیہ کے اچھے سفیر ہوں گے۔
انھوں نے کہا 'متعدد افراد' نائیجل فراج کو امریکہ میں برطانیہ کا سفیر دیکھنا پسند کریں گے اور وہ ' اچھا کام' کریں گے۔
نائیجل فراج نے ڈونلڈ ٹرمپ کی امریکہ کے صدارتی انتخاب کی مہم کے دوران مدد کی تھی اور ان کا کہنا ہے کہ یہ تجویز ان کے لیے انتہائی حیران کن ہے۔ ’اگر میں برطانیہ کی کسی بھی طرح مدد کر سکا تو کروں گا۔'
دوسری جانب ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے 'وہاں کوئی جگہ خالی نہیں ہے۔'
ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کی 'متعدد افراد نائیجل فراج کو امریکہ میں برطانیہ کا سفیر دیکھنا پسند کریں گے اور وہ اچھا کام کریں گے۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ نائیجل فراج برطانیہ کی دائیں بازو کی سیاسی جماعت یو کے انڈیپینڈنٹ پارٹی کے عبوری رہنما ہیں اور وہ پہلے برطانوی سیاست دان ہیں جنھوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی امریکہ کے صدراتی انتخاب میں کامیابی کے بعد ان سے ملاقات کرتے ہوئے کہا تھا کہ برطانیہ کے امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کا یہ 'حقیقی موقع' ہے۔
یو اے آئی پی کے رہنما نے کہا ' یہ خبر میرے لیے ایک جھٹکے کی طرح ہے۔ کسی نے بھی میرے ساتھ اس تجویز کا ذکر کیا تھا لیکن ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کے ساتھ میرے اچھے تعلقات ہیں اور اگر میں برطانیہ کی کسی بھی طرح مدد کر سکا تو کروں گا۔'

،تصویر کا ذریعہReuters
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ' اس ملک کے اچھے دوست ہیں۔'
واضح رہے کہ نائیجل فراج کی امریکہ کے نو منتخب صدر کے ساتھ ملاقات کو بعض حلقے برطانوی وزیر اعظم ٹیریسا مے کی تذلیل قرار دے رہے ہیں جو ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ آئندہ برس سے پہلے ملاقات نہیں کریں گی۔
امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی وزیر اعظم ٹیریسا مے کے ساتھ فون پر بات کی ہے اس کے علاوہ برطانوی وزرا کے آنے والی امریکی انتظامیہ کے ساتھ بھی رابطے ہیں۔
امریکہ کے نو منتخب صدر کی ٹویٹ کے بارے میں بریگزٹ کے سیکریٹری ڈیوڈ ڈیوس کا کہنا تھا ' لوگوں کو جو اچھا محسوس ہوتا ہے وہ ایسا کہہ سکتے ہیں لیکن سادہ بات ہے کہ وہاں کوئی جگہ خالی نہیں ہے کیونکہ ہم نے دیکھا ہے کہ امریکہ میں برطانیہ کے سفیر بہت اچھے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا 'ہم آزائ اظہار پر یقین رکھتے ہیں اور کم ڈروچ واشنگٹن میں برطانیہ کے بہت اچھے سیفر اور وہ کئی برسوں سے وہاں ہیں۔'
ادھر ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ وہاں کوئی جگہ خالی نہیں ہے اور واشنگٹن میں ہمارے بہترین سفیر موجود ہیں۔
بی بی سی کے سیاسی امور کے ڈپٹی ایڈیٹر نارمن سمتھ کا کہنا ہے کہ ٹین ڈاؤننگ بضد ہے کہ واشنگٹن میں نائیجل فراج کا کوئی کردار نہیں ہے۔









